HSY کا فواد خان کے خلاف جاری تنقید کا دفاع
جانتا ہوں کہ فواد کتنا محب وطن ہے
پاکستانی فیشن انڈسٹری کے نامور ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین عرف ایچ ایس وائے نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستانی اداکار فواد خان کے خلاف جاری تنقید کا دفاع کردیا۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کے حملے میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت کے بعد جہاں بھارت دل کھول کر پاکستان سے نفرت کا اظہار کررہا ہے وہیں فنکاروں پر بھی اپنی نفرت اگلنے سے باز نہیں آرہا۔
اس حملے کے بعد حالات مزید کشیدگی اختیار کرتے چلے گئے اور بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا صارفین نے فوراً پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کردیا یہاں تک کہ بالی وڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کو انکے فلمی پوسٹرز سے بھی بے دخل کرکے بھارتی فلم سازوں نے سکھ کا سانس لیا۔
ایسے میں فواد خان کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں اپنے ملک کا ساتھ دینا تھا اور بھارت مخالف بیان جاری کرنا تھا، لیکن انہوں نے سوائے خاموشی کے کسی اور چیز کا سہارا نہیں لیا اور یہی خاموشی انہیں شدید تنقید کی زد میں لے آئی۔
حالانکہ فواد خان عموماًسیاسی معاملات پر رائے نہیں دیتے اور پہلے بھی وہ بالی وڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن شاید انہوں نے اپنے حالیہ پروجیکٹ جو کہ پاک بھارت کشیدگی کی نظر ہوگیا اس کی وجہ سے انہوں نے اس بار بھی کوئی رائے دینے سے گریز کیا اور پھر ایک نپی تلی بات کی تاکہ کسی بھی جانب کی دل آزاری نہ ہو۔
تاہم، ان کے اس محتاط رویے پر بھی انہیں پاکستان میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ لوگوں کا خیال تھا کہ فواد نے پاکستان کے حق میں واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔
اس تنقید کے بعد اب فیشن انڈسٹری کے نامور ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین عرف ایچ ایس وائے نے اس موضوع پر اپنی آواز بلند کی اور ساتھ ہی فواد خان کے خلاف ہونے والی تنقید کا دفاع کردیا۔
نجی یوٹیوب کو انٹرویو دیتے ہوئے حسن شہریار نے فواد خان کو اپنا قریبی دوست قرار دیا اور کہا کہ،‘کسی کے دل میں کیا چل رہا ہے یہ تو کوئی نہیں جان سکتا، لیکن میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ فوادکتنے محب وطن ہیں اور اپنے ملک سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ،‘ وہ عوامی جذبات کو بھی سمجھتے ہیں اور بھارت کے حملے کے بعد ہم سب بھی بہت غصے میں تھے، اور چونکہ عوام ہی ہمیں اسٹار بناتے بناتے ہیں، وہ انہیں اپنی زندگیوں کا حصہ سمجھتے ہیں۔ اس لیے ان کے پسندیدہ اداکار سے انہیں جو امیدیں تھیں، شاید وہ پوری نہ ہو سکیں۔’
ایچ ایس وائے کے مطابق،’مجھے اس بات کا علم نہیں کہ فواد خان پر کسی قسم کا دباؤ تھا یا نہیں، لیکن میں فواد کو جانتا ہوں اور ان کے حب الوطنی کے جذبے سے واقف ہوں لیکن اس کے ساتھ میں عوام کی تنقید اور جذبات کو بھی سمجھتا ہوں۔
یاد رہے کہ فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے اپنی اداکاری کا آغاز 2021 میں ڈرامہ ’پہلی سی محبت’ سے کیا ،اس کے بعد 2022 میں انہوں نے فلم ’عشرت میڈ ان چائنا’ کے ذریعے بڑے پردے پر قدم رکھا، جہاں انہوں نے ایک ولن کا کردار نبھایا۔
اور اب وہ ہالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھ کر انے فنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوارہے ہیں۔



