گوہر خان کا سنیل شیٹی کے 'C سیکشن ' اسٹیٹمنٹ پر اظہار برہمی
مردوں کو خواتین کی زچگی پر تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے،گوہر خان
بالی وڈ کی دلکش اداکارہ گوہر خان نے نارمل ڈلیوری اور سی سیکشن کا موازنہ کرنے پر اداکار سنیل شیٹی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ حال ہی میں ایک جذباتی کیفیت میں نظر آئیں جب انہوں نے اپنے اسقاط حمل (miscarriage) کے تجربے کو یاد کیا اور اس ضمن میں بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی کے 'سی سیکشن (C-section) کی آسانی' سے متعلق تبصرے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
گوہر خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے مداحوں سے انکشاف کیا کہ کس طرح انہیں اسقاط حمل کا سامنا کرنا پڑا تھا جو کہ ان کے لیے ایک انتہائی دردناک اور مشکل وقت تھا۔
اپنی ویڈیو میں اداکارہ اسقاطِ حمل کو یاد کرتے ہوئے روتی ہوئی بھی نظر آئیں تاہم اپنی گفتگو کے دوران اداکارہ سنیل شیٹی کے ایک حالیہ تبصرے پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس میں انہوں نے اپنی بیٹی اتھیا شیٹی کی نارمل ڈلیوری کی تعریف کرتے ہوئے 'سی سیکشن کو آرام دہ انتخاب' قرار دیا تھا۔
گوہرخان نے سنیل شیٹی کے اس تبصرے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات ان خواتین کے دکھ کو بڑھاتے ہیں جو سی سیکشن سے گزری ہیں یا جنہیں اسقاط حمل کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زچگی کا عمل خواہ وہ نارمل ہو یا سی سیکشن ہر ماں کے لیے ایک مشکل اور قربانی طلب مرحلہ ہوتا ہے اور اسے کسی بھی صورت میں 'آرام دہ' نہیں کہا جا سکتا۔
اپنی ویڈیو میں اداکارہ گوہر خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مردوں کو خواتین کی زچگی کے انتخاب اور اس کے تجربات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ وہ اس کیفیت سے دور دور تک نہیں گزرے ہوتے۔
اداکارہ گوہر خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے جہاں مداحوں اور عام صارفین نے گوہر خان کے دکھ پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سنیل شیٹی کے بیان کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے بہت سے صارفین نے گوہر کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ خواتین کی صحت اور زچگی کے حساس معاملے پر غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
معاملہ کیا تھا؟
ہوا کچھ یوں کہ اداکار سنیل شیٹھی نے اپنی بیٹی اتھیا شیٹھی کی نارمل ڈیلیوری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ایسے دور میں جب ہر کوئی سی-سیکشن کے ذریعے زچگی کے آسان طریقہ کار کو ترجیح دیتا ہے، میری بیٹی نے وہ آسان راستہ نہیں اپنایا اور نارمل ڈیلیوری کا مشکل فیصلہ کیا'۔
اور یوں بیٹی کی نارمل ڈیلیوری پر فخر کا اظہار کرنے والے اداکار سنیل شیٹی کو سوشل میڈیا صارفین نے سی-سیکشن کے نارمل ڈلیوری سےموازنے پر شدید ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے اداکار نے کہا کہ ‘وہ تمام افراد جو میرے اسٹیٹمنٹ سے ناراض ہوئے ہیں چاہے میں نے غلطی نہ بھی کی ہو میں تمام خواتین سے مخلصانہ طور پر معافی مانگوں گا کیونکہ میں ایمانداری سے ان کی قدر اور احترام کرتا ہوں‘۔




