عدنان سمیع کا والدہ کا جنازہ واٹس ایپ پر دیکھنے کا انکشاف
گلوکار نے اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کیوں نہیں کی؟
بھارت میں مقیم میوزک انڈسٹری سے وابستہ نامور گلوکار عدنان سمیع نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہیں کی بلکہ ان کا جنازہ واٹس ایپ کے ذریعے دیکھا تھا۔
سوشل میڈیا پر گلوکار عدنان سمیع کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہے جس میں انہیں اپنی والدہ کے انتقال کی روداد سناتے دیکھا گیا۔
دوران گفتگو گلوکار بتاتے ہیں کہ،’میں اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کیلئے پاکستان جانے کا خواہشمند تھا اور ویزا کیلئے درخواست بھی دی تھی لیکن وہ درخواست مسترد ہوگئی’۔
گلوکار بتاتے ہیں کہ،’اس وقت میری دنیا اجڑ گئی تھی میری ماں اس دنیا سے چلی گئی تھی لیکن مجھے پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملی اور اس طرح میں نے اپنی ماں کا پورا جنازہ انکی آخری رسومات واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے دیکھیں’۔
ان الفاظ کی ادائیگی کے وقت عدنان سمیع کی آواز میں ایک لرزش تھی اور نم آنکھیں انکے دکھ کو واضح طور پر بیان کررہی تھی۔
یاد رہے کہ گلوکار عدنان سمیع نے 7 اکتوبر 2024 کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کی خبر فینز کیساتھ شیئر کی۔
اپنے پیغام میں افسوسناک خبر کا اعلان کرتے ہوئے عدنان سمیع نے لکھا تھا کہ،‘انتہائی افسوس اور بے انتہا غم کے ساتھ میں اپنی پیاری والدہ بیگم نورین سمیع خان کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں، جس کے سبب ہم گہرے دکھ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔’
عدنان سمیع نے مزید لکھا تھاکہ،‘وہ ایک شاندار خاتون تھیں جنہوں نے اپنے پیار اور خوشیوں سے ہر ایک کی زندگی کو روشن کیا، ہم انہیں بے حد یاد کریں گے، براہ کرم ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔ اللہ ہماری پیاری والدہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے... آمین۔'
عدنان سمیع کا کیرئیر:
پروفیشنل زندگی کے حوالے سے بات کریں تو گلوکار عدنان سمیع کا آخری بالی وڈ گانا 'بھَر دو جھولی میری' تھا، جو سلمان خان کی 2015 کی بلاک بسٹر فلم 'بجرنگی بھائی جان' میں شامل تھا۔
یاد ہے کہ میوزک کی دنیا کا ایک جانا مانا نام عدنان سمیع نے 1993 میں زیبا بختیار سے شادی کی تھی لیکن یہ رشتہ بدقسمتی سے زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور اس جوڑے نے اپنی اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بعدازاں گلوکار نے دوسری شادی 2001 ء میں عرب خاتون صباح گلادری سے کی، اور وہ بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی، دوسری بار طلاق کے بعد بھی عدنان سمیع سکون سے نہ بیٹھے اور انہوں نے تیسری شادی کرنے کافیصلہ کیا۔
گلوکار عدنان سمیع نے تیسری شادی 2010 ء میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 ء میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔



