مس ورلڈ 2025 بھی بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہشمند
تھائی لینڈ کی اوپل سوچاتہ نے مس ورلڈ 2025 کا تاج اپنے نام کیا ہے
مس ورلڈ 2025 کا تاج پہننے والی تھائی لینڈ کی حسینہ اوپل سوچاتہ نے بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مس ورلڈ 2025 اوپل سوچاتہ نے کہا ہے کہ اگر موقع ملا تو وہ ضرور بولی وڈ میں کام کرنا چاہیں گی۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بھارت یاترا کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ یہاں کے تجربات سے بہت متاثر ہوئی ہیں اور یقیناً دوبارہ یہاں آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ میرے لیے باعثِ فخر اور خوشی کی بات ہے کہ میں تھائی لینڈ کے لیے پہلی بار مس ورلڈ کا تاج لائی ہوں، میں نے اپنے ملک کو فخر کا موقع دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں بولی وڈ فلموں میں ضرور کام کرنا چاہوں گی، یہ میرے لیے ایک شاندار موقع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سے میں یہاں آئی ہوں، ہر شخص بے حد محبت سے پیش آیا، لوگ نہایت شاندار اور مہربان ہیں، ہم نے یہاں بہت سی خوبصورت جگہیں دیکھی ہیں ، چاہے وہ انفراسٹرکچر ہو یا قدرتی مناظر ،سب کچھ دلکش ہے، یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی اور میں یقیناً دوبارہ آؤں گی۔
انہوں نے خاص طور پر تلنگانہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تلنگانہ حکومت اور یہاں کے تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں بہترین رہائش دی اور اپنے وطن میں ہمیں ایک یادگار وقت گزارنے کا موقع دیا۔
مس ورلڈ امریکہ 2025جیسیکا پیڈروسو نے بھی حیدرآباد کی تعریف کرتے ہوئے اسے مس ورلڈ کے انعقاد کے لیے بہترین مقام قرار دیا۔
انہوں نے یہاں کی ثقافت، لوگوں اور کھانے کو خوب سراہا،انہوں نے خاص طور پر بٹر چکن کو بے حد لذیذ قرار دیا۔
تھائی لینڈ جہاں اوپل کی کامیابی کا جشن منا رہا ہے وہیں بھارت کی نمائندہ نندنی گپتا مس ورلڈ کے ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔
21 سالہ اوپل سچتا کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس کی جڑیں فوکٹ صوبے کی ہوٹل انڈسٹری میں گہری ہیں، وہ چھوٹی عمر سے ہی بین الاقوامی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر کے انگریزی میں روانی رکھتی ہے۔
اس کے علاوہ، وہ چینی زبان میں بھی مہارت رکھتی ہے، اور انہوں نے بنکاک کے Triam Udom Suksa اسکول سے چینی زبان میں اسپشلائزیشن حاصل کررکھی ہے۔
فی الحال اوپل سچاتا تھماسات یونیورسٹی کی فیکلٹی آف پولیٹیکل سائنس میں بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری حاصل کر رہی ہیں اور مستقبل میں ایک سفارت کار بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔
مس ورلڈ ویب سائٹ پر موجود ان کے پروفائل کے مطابق وہ بین الاقوامی تعلقات کے علاوہ وہ نفسیات اور بشریات میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے ان تنظیموں کے ساتھ کام کیا ہے جو چھاتی کے کینسر کے بارے میں بیداری پیدا کرتی ہیں اور وہ خود بریسٹ ٹیومر سروائیور بھی ہیں۔
سچاتا اوپل خواتین، خاص طور پر نوجوان خواتین میں تعلیم پھیلانے کے بارے میں بہت آواز اٹھاتی رہی ہیں، وہ جانوروں سے محبت کرنے والی بھی ہیں اور ان کے پاس 16 بلیاں اور پانچ کتے ہیں۔
مقابلہ جیتنے کے بعد خوبصورت تاج کے ساتھ سچاتا اوپل نے 10 لاکھ ڈالر کا انعام بھی حاصل کیا ہے۔





