انفوٹینمنٹ

پریتی زنٹا نے 600 کروڑ کی جائیداد کو کیوں ٹھکرا دیا تھا؟

پریتی زنٹا نے کرئیر کے عروج پر ہی بالی وڈ میں کام کرنا کم کردیا تھا

Web Desk

پریتی زنٹا نے 600 کروڑ کی جائیداد کو کیوں ٹھکرا دیا تھا؟

پریتی زنٹا نے کرئیر کے عروج پر ہی بالی وڈ میں کام کرنا کم کردیا تھا

پریتی زنٹا نے 600 کروڑ کی جائیداد کو کیوں ٹھکرا دیا تھا؟

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا کو ان کی اداکاری کی بدولت جانا جاتا ہے لیکن یہ بات بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ پریتی زنٹا 600 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی جائیداد کو ٹھکرا چکی ہیں۔

پریتی زنٹا کو بالی وڈ کی ’ڈمپل گرل‘ کہا جاتا ہے جنہوں نے اپنی پہلی فلم ’دل سے میں دل جیت لیے تھے۔

اس فلم کے بعد وہ بالی وڈ کے افق پر چھا گئیں اور انہوں نے ایشوریا رائے بچن، رانی مکھرجی، پریانکا چوپڑا، کرینہ کپور، بپاشا باسو جیسی بڑی اداکاراؤں کو بھی سخت مقابلہ دیا۔

پریتی زنٹا نے صرف 13 سال کی عمر میں اپنے والد کے انتقال کے بعد خاندانی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھایا۔ 

شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’دل سے‘ کے ذریعے شاندار آغاز کرنے کے بعد پریتی نے اپنی اداکاری کے جوہر مختلف فلموں میں دکھائے جن میں ’کل ہو نہ ہو‘،’ویر زارا‘،’لکشیا‘،’سلام نمستے‘،’سنگھرش‘،’کوئی... مل گیا‘،’کیا کہنا‘،’کبھی الوداع نہ کہنا’چوری چوری چپکے چپکے‘،’دی لاسٹ لِیئر‘،’سولجر‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔

پریتی زنٹا کو نہ صرف ان کی اداکاری کے لیے سراہا گیا بلکہ ان کی سچ بولنے اور اصولوں پر قائم رہنے کی صلاحیت نے بھی انہیں ممتاز مقام دلایا، ایک موقع پر انہوں نے 600 کروڑ روپے کی جائیداد لینے سے انکار کر دیا تھا۔

معروف فلمساز کمال امروہی کے بیٹے شندار امروہی پریتی زنٹا سے متاثر تھے اور انہیں اپنی بیٹی جیسا مانتے تھے۔

2011 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی موت کے بعد ان کی پوری جائیداد ان کے بچوں کے بجائے پریتی زنٹا کو ملے گی۔

شندار امروہی کی پریتی سے پہلی ملاقات ایک ہوٹل میں ہوئی تھی جب وہ نیس وادیا کو ڈیٹ کر رہی تھیں۔ جب شندار کے اپنے بہن بھائیوں سے تعلقات خراب ہوئے، تو پریتی نے ان کا ساتھ دیا جس کے بعد وہ انہیں تحفے تحائف بھیجنے لگے اور باقاعدہ طور پر اپنا ماننے لگے۔

تاہم پریتی زنٹا نے اس پیشکش کو واضح طور پر مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ ان کی جائیداد سے ایک پیسہ بھی لینا نہیں چاہتیں۔

بعد ازاں شندار کی موت کے بعد پریتی نے ان کے بیٹوں پر مقدمہ دائر کیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ شندار کے علاج کے دوران دی گئی 2 کروڑ روپے کی رقم انہیں واپس کی جانی چاہیے۔

جب پریتی نے ’چوری چوری چپکے چپکے‘ میں سلمان خان اور رانی مکھرجی کے ساتھ کام کیا تو اس فلم کے پروڈیوسر بھارت شاہ کو گینگسٹر چھوٹا شکیل کے ساتھ مالی تعلقات کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

جہاں بالی وُڈ کی بڑی شخصیات اس معاملے سے دور رہیں، وہیں پریتی زنٹا واحد شخصیت تھیں جنہوں نے عدالت میں گواہی دی کہ انہیں گینگ کی جانب سے بھتہ خوری کی کالز موصول ہوئی تھیں۔

ان کی اس بہادری پر انہیں ’گڈفری فِلپس نیشنل بریوری ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔

پریتی زنٹا نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں بالی وُڈ پر راج کیا لیکن 2011 میں انہوں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کیا اور فلمی دنیا سے فاصلہ اختیار کر لیا تاکہ وہ کاروباری منصوبوں پر توجہ دے سکیں جن میں آئی پی ایل کرکٹ ٹیم کنگزپنجاب بھی شامل ہے۔

2016 میں پریتی نے جین گڈ انف سے لاس اینجلس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، اس تقریب میں صرف قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔

2021 میں پریتی نے سب سے بڑی خوشخبری سنائی کہ وہ دو جڑواں بچوں، ایک بیٹے جے اور بیٹی جیا کی ماں بن گئی ہیں۔