بالی وڈ کی 6 امیر ترین جوڑیوں کے اثاثوں پر ایک نظر
ان فلمی جوڑیوں نے مختلف کاروباری سرگرمیوں سے بھی بھرپور دولت کمائی
بالی وڈ صرف فلموں اور شوبز کا مرکز ہی نہیں بلکہ پاور کپلز کی جادوئی دنیا بھی ہے جہاں شہرت، محبت اور دولت کا جادو ایک ساتھ چلتا ہے۔
ان مشہور جوڑوں نے نہ صرف فلمی دنیا میں اپنی پہچان بنائی بلکہ مختلف کاروباری سرگرمیوں سے بھی بھرپور دولت کمائی۔
یہاں ہم آپ کو بالی وڈ کی ان 6 مشہور و معروف جوڑیوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کے مجموعی اثاثے اربوں روپے مالیت کے ہیں۔
شاہ رخ خان اور گوری خان
بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے اپنی فلمی کامیابی کے ساتھ ساتھ 'ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پروڈکشن ہاؤس' اور انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم 'کولکاتا نائٹ رائیڈرز' کے ذریعے بھی بے پناہ دولت کمائی ہے۔
ان کی اہلیہ گوری خان نہایت کامیاب انٹیریئر ڈیزائنر ہیں اور 'گوری خان ڈیزائنز' کی بانی ہیں، دونوں کی مشترکہ دولت کا تخمینہ تقریباً 8096 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے۔
ادتیہ چوپڑا اور رانی مکھرجی
یَش راج فلمز کے سربراہ ادتیہ چوپڑا اور مشہور اداکارہ رانی مکھرجی کا شمار بھی بھارت کے 'پاور کپلز' میں ہوتا ہے۔
فلمی دنیا میں ان کی گہری جڑیں اور کامیاب پروڈکشنز کی بدولت ان کی مشترکہ دولت 7400 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔
سونم کپور اور آنند آہوجا
اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر معروف بزنس مین آنند آہوجا نے فیشن برانڈ Bhane کی بنیاد رکھی اور کئی دوسرے کاروباروں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
یہ جوڑا مالی اعتبار سے کافی حد تک مستحکم ہے اور ان کی مشترکہ دولت تقریباً 4900 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ
اکشے کمار بالی وڈ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ معروف مصنفہ اور انٹیریئر ڈیزائنر ہیں۔
دونوں اپنے اپنے شعبوں میں بےانتہا کامیاب ہیں اور ان کی مشترکہ دولت 3542 کروڑ بھارتی روپے تک جا پہنچی ہے۔
امیتابھ بچن اور جیا بچن
بھارتی فلمی صنعت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن نے دہائیوں پر محیط اپنے فلمی سفر میں بے حد شہرت اور دولت حاصل کی ہے۔
امیتابھ بچن اداکاری کے میدان میں آج تک فعال ہیں جبکہ ان کی اہلیہ سیاسی میدان میں سرگرم ہیں، دونوں کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 2994 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور
نواب خاندان کے چشم و چراغ سیف علی خان اور بیحد مقبول اداکارہ کرینہ کپور خان بالی وڈ کی سب سے خوبصورت جوڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
دونوں نہ صرف فلمی دنیا میں بےانتہا کامیاب ہیں بلکہ برانڈ اینڈورسمنٹس اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹس سے بھی خوب دولت حاصل کر چکے ہیں، ان دونوں کے مجموعی اثاثوں کا تخمینہ 1968 کروڑ بھارتی روپے ہے۔





