اسکائے ڈائیونگ میں ہانیہ عامر کی موت، حقیقت کیا؟
بڑا انکشاف سامنے آگیا
گلوبل اسٹار پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی اسکائے ڈائیونگ کے دوران مبینہ موت واقع ہونے کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔
سوشل میڈیا ایک ایسی گمنام دنیا ہے جہاں ہر آئے دن ایسی ایسی خبریں سامنے آتی ہیں جس پر یقین کرنا قدرے مشکل ہونے کیساتھ اس کے سچ اور جھوٹ کی تصدیق کرنا بھی خاصا مشکل ہوجاتا ہے۔
بالخصوص ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس دور میں بے بنیاد افواہیں اور جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز پھیلنا آسان ہوتا جارہا ہے۔
کیونکہ اے آئی نے جہاں زندگی کو آسان بنایا ہے، وہیں اس کے کچھ اہم نقصانات بھی ہیں، جن پر توجہ دینا ضروری ہے، سب سے بڑا نقصان یہ کہ اے آئی ٹولز کے ذریعے جعلی ویڈیوز (ڈیپ فیکس) اور جھوٹی خبریں بہت آسانی سے تیار کی جا سکتی ہیں، جو معاشرتی انتشار پیدا کر سکتی ہیں۔
ہانیہ عامر کی موت، ویڈیو وائرل:
ایسی ہی ایک من گھڑت ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی موت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دراصل 12 مئی کو ’مِسٹک سفیان’ نامی بھارتی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ منظر عام پر آئی جس میں ایک خاتون کو اسکائی ڈائیونگ کے دوران بیلٹ ٹوٹنے کے بعد کھائی میں گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس ویڈیو پر اداکارہ ہانیہ عامر کی تصویر لگی ہوئی نظر آئی جسکے ساتھ کیپشن میں تحریر تھا کہ،‘پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی رسی ٹوٹنے کی وجہ سے حادثاتی موت ہوگئی’۔جبکہ اس ویڈیو کو اب تک 74 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ ویڈیو دیکھنے والوں میں زیادہ تر لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس خبر پر کان نہ دھرے اور مزاحیہ انداز میں تبصرے کرنا شروع کردیے۔
ایک صارف نے لکھا کہ،’کیا ہانیہ عامر کو معلوم ہے کہ انکی موت ہوگئی؟’
ایک اور صارف نے لکھا کہ،‘اگر اس پوسٹ پر ہانیہ عامر نے کمنٹ کردیا تو کیسا لگے گا؟‘
وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا؟
ابھی جہاں کئی لوگوں نے اس ویڈیو کو محض جھوٹ کے سوا کچھ نہ مانا وہیں اسکائے ڈائیونگ حادثے میں ہانیہ عامر کی موت کی وائرل خبر بے بنیاد قرار دے دی گئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو دراصل برازیل میں ہونے والے ایک اسکائے ڈائیو اسٹنٹ کی ایڈٹ شدہ اور گمراہ کن شکل ہے۔
دراصل یہ دعویٰ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے کیونکہ ویڈیو میں دکھائی گئی خاتون ہانیہ عامر نہیں ہیں بلکہ یہ ایک پرانی ویڈیو ہے جو برازیل میں فلمائی گئی تھی، اور اسے ایڈٹ کرکے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہے۔
جیو فیکٹ چیک کی رپورٹ کے مطابق اصل ویڈیو 21 اپریل کو برازیلین-اطالوی ایتھلیٹ اور کنٹینٹ کریئیٹر ’لویزا فیریری’ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو، فیریری کی اسکائی ڈائیو ویڈیو کا ایڈٹ شدہ اور گمراہ کن ورژن ہے۔ اس ویڈیو میں وہ ایک کنٹرولڈ اسٹنٹ کرتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں، جہاں وہ جان بوجھ کر دورانِ جمپ اپنی بیلٹ ریلیز کرتی ہیں اور اس کے فوراً بعد پیراشوٹ کھولتی ہیں۔
اس حقیقت کے عیاں ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور ہانیہ عامر کے مداحوں نے سکھ کا سانس لیا اور اداکارہ کیلئے خیرو عافیت کی دعائیں بھی کیں۔
ہانیہ عامر کے کرئیر پر مختصر نظر:
یاد رہے کہ مشہور اور باصلاحیت ہانیہ عامر جنہوں نے اپنی پہلی فلم 'جانان' کے ذریعے مقبولیت حاصل کی اور اسکے بعد متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر شہرت کے آسمانوں کو چھوتی چلی گئیں۔
فلم 'نامعلوم افراد 2' اور 'پردے میں رہنے دو' میں بھی ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا، ان کے قابل ذکر ڈراموں میں ’تتلی‘، ’دل رُبا‘،’ عشقیہ‘، ’میرے ہمسفر‘، ’سنگ ماہ‘ اور ’مجھے پیار ہوا‘ شامل ہیں۔
گزشتہ سال انکے ڈرامہ سیریل 'کبھی میں کبھی تم' میں اپنے کردار شرجینا کے لیے انہیں بےپناہ پسند کیا گیا جس کے بعد سے ان کی شہرت کی گونج پڑوسی ملک بھارت سمیت بین الاقوامی سطح پر بھی سنائی دینے لگی ہے۔
علاوہ ازیں ہانیہ عامر 17.3 ملین فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی شخصیت بھی بن چکی ہیں۔



