'حج ہے یا شو آف'، جنت مرزا کا پوری پرواز اپنے لیے بک کروانے کا دعویٰ
کیا جنت مرزا نے حج کیلئے ذاتی جہاز بک کرایا؟
اداکارہ وٹک ٹاکر جنت مرزاکو حج روانگی کیلئےمسافروں سے خالی فلائٹ دکھانا انہیں شدید عوامی تنقید کی زد میں لے آیا۔
ٹک ٹاک ویڈیو سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی جنت مرزا کا شمارپاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ڈیجیٹل کریئیٹر اور انفلوئنسر میں کیا جاتا ہے جنہوں نے سوشل میڈیا اسٹار بننے کے بعد اداکاری کی دنیا میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔
حالانکہ اداکاری کی دنیا میں قسمت ان پر اتنی مہربان نہیں ہوئی جتنی کہ سوشل میڈیا کی دنیا میں انہیں کامیابی ملی لیکن اسکے باوجود انکا نام بچے بچے کی زبان زد عام ہے۔
ان دنوں جنت مرزا اپنے پُرتعیش سفِر حج کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے حج روانگی سے قبل اپنے والد، والدہ اور بہن علیشبہ انجم کے ہمراہ متعدد خوبصورت تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں گلاب کے ہار پہلے سفر حج کا آغاز کرتے دیکھا گیا۔
اور اس پوسٹ کے بعد کمنٹ سیکشن میں مبارکبادی پیغامات کا تانتا بندھ گیا لیکن پھر چند ہی لمحوں بعد ٹک ٹاکر نے جہاز کے اندرونی مناظر شیئر کیے جو انہیں تنقید کی زد میں لے آئے۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں جنّت مرزا نے فخر سے بتایا کہ حج فلائٹ کے لیے ان کا جہاز مکمل طور پر خالی تھا، انہوں نے اپنے حج سفر کی فلائٹ کا ایک مختصر ویڈیو ٹور بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے پورا طیارہ اپنے لیے لیا تھا۔
ویڈیو میں نماز ادائیگی کی جگہ اور جہاز کے دیگر اندرونی مناظر دکھاتے ہوئے ٹک ٹاکر نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسا منظر انہوں نے آخری بار کووڈ کے دنوں میں دیکھا تھا۔
تاہم، جنّت کی اس ویڈیو اسٹوری پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا، ایک صارف نے لکھا کہ،’ممکن ہے یہ بزنس کلاس کی فلائٹ ہو، اکثر ایئرلائنز بزنس کلاس کے مسافروں کو پہلے لے جاتی ہیں، تو ممکن ہے انہوں نے اُس وقت ویڈیو بنائی ہو۔’
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ،‘آج کل ویسے بھی کم لوگ سفر کر رہے ہیں، میری اٹلی سے فلائٹ تھی اور اُس میں صرف دو مسافر تھے۔’
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ،‘شاید ان کے والد نے اپنی بیٹیوں کی پرائیویسی کے لیے مکمل جہاز بک کروا دیا ہو کہ کوئی انہیں نہ دیکھ سکے — آخر کار، ان کے پاس ٹک ٹاک کی آمدن ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ،‘یہ حج ہے یا شو آف؟’
یاد رہے کہ جنت مرزا کا نام ان ٹک ٹاکرز میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانی شروع کیں اور شہرت حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
انہوں نے ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے کے بعد پنجابی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ میں بھی کام کیا۔
جنت مرزا اپنی بہترین لپ سنک اور فیشن سینس کے سبب پہچانی جاتی ہیں اور ان کی فین فالوئنگ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی ہے۔



