کارتک آریان کی 5 کرداروں کیلئے حیرت انگیز ٹرانسفارمیشنز
اداکار اپنے کردار میں ڈھلنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔
بالی وڈ میں اداکاروں کی موجودہ لاٹ کے نوجوان اداکاروں میں اگر کسی نے سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کیاور خود کو ایک مکمل فنکار کے طور پر منوایا ہے تو اس کا نام کارتک آریان ہے۔
ایک وقت تھا جب کارتک آریان کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا تھا جو صرف رومانوی کامیڈی کے ہیرو سمجھے جاتے تھے۔
تاہم کڑی محنت سے انہوں نے خود کو ایکا فنکار ثابت کیا ہے کہ جو ہر کردار میں جان ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کارتک ہر فلم کو نہ صرف چیلنج کے طور پر لیتے ہیں بلکہ کردار کے تقاضوں کے مطابق خود کو مشکل سے مشکل طریقے سے اس کو مکمل طور پر اپنا کر اسکرین پر جادو چلانا جانتے ہیں۔
ذیل میں کارتک کی ایسی ہی چند فلموں کا ذکر ہے جس میں معمول سے ہٹ کر کرداروں کو انہوں نے اپنی سخت محنت کے ذریعے اسکرین پر منوایا اور شائقین کی داد حاصل کی۔
1. دھماکا
نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم دھماکا میں کارتک نے ارجن پاٹھک کا کردار ادا کیا، جو ایک نیوز اینکر ہوتا ہے۔
یہ فلم نہ صرف کارتک کے لیے ایک نئی صنف (genre) کا آغاز تھی بلکہ ان کے اندرونی اداکار کو نکھارنے کا ذریعہ بھی بنی۔
اس فلم کی تیاری کے لیے کووِڈ لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے نیوز ڈاکیومینٹری فلمیں دیکھیں، نیوز روم کے ماحول کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور کردار میں ایسے ڈھل گئے کہ ناظرین انہیں پہچان نہ سکے۔
یہ ان کا پہلا سنجیدہ کردار تھا جس میں ان کی اداکاری کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔
2. فریڈی
فریڈی وہ فلم تھی جس میں کارتک نے صرف اس لیے 14 کلو وزن بڑھایا تاکہ وہ ڈاکٹر فریڈی گِنوالا کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر سکیں۔
ایک ایسا کردار جو بظاہر نرم مزاج ہے مگر اندر سے گہرا، پیچیدہ اور سنسنی کا تاثر لیے ہوئے ہیں، یہ کردار نہ صرف جسمانی طور پر مشکل تھا بلکہ نفسیاتی طور پر بھی خاصہ پیچیدہ تھا۔
جہاں فلم میں کارتک کو ان کی اداکاری کے لیے خاصا سراہا گیا وہیں بے مثال ٹرانسفارمیشن پر بھی ان کی خوب تعریف کی گئی۔
3. چندو چیمپئن
یہ فلم بھارت کے پہلے پیرا اولمپکس گولڈ میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی ہے۔
اس کردار کے لیے نہ صرف کارتک نے 18 کلو وزن کم کیا بلکہ اپنے جسم کی چربی کو 39 فیصد سے کم کر کے محض 7 فیصد تک گھٹا لیا اور ایک ایتھلیٹ کی طرح نظر آنے کے لیے مہینوں تک سخت ٹریننگ بھی کی۔
اس خاص کردار کے لیے کارتک کی محنت فلم کے ہر فریم سے جھلکتی ہے، اس فلم کو سال کی بہترین کارکردگیوں میں شمار کیا جا رہا ہے اور کئی فلمی پنڈت اسے نیشنل ایوارڈ کے لیے مضبوط دعویدار قرار دے رہے ہیں۔
4. انوراگ باسو کی اگلی فلم
کارتک ان دنوں انوراگ باسو کے ساتھ ایک میوزیکل لَو اسٹوری پر کام کر رہے ہیں جس کا عنوان فی الحال سامنے نہیں لایا گیا۔
اس فلم کے لیے انہوں نے خاص طور پر گٹار بجانا سیکھا ہے اور یورپ میں فلم 'تو میری، میں تیرا، میں تیرا تو میری' کی شوٹنگ کے دوران بھی گٹار لے کر پریکٹس کرتے نظر آرہے ہیں۔
کردار میں ڈھلنے کی لگن اور فن سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سخت شوٹنگ شیڈول کے کارتک اپنا ریاض جاری رکھے ہوئے ہیں۔
5. تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری
اس وقت اداکار کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری کی شوٹنگ کے لیے یورپی ملک کروشیا میں موجود ہیں۔
جہاں سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو ان کی محنت کا ثبوت دے گئی، ویڈیو میں وہ یورپ کی سرد فضاؤں میں بغیر کسی جم کے صرف کوچ کے ساتھ آؤٹ ڈور سخت ٹریننگ کرتے نظر آئے۔
یہ ویڈیو صرف ایک ورزش کا کلپ نہیں بلکہ یہ کارتک کی مستقل مزاجی اور لگن کا ثبوت تھا، چاہے وہ کسی کردار کے لیے جسمانی تبدیلیوں کو اپنانا ہو یا کئی جذباتی تہوں پر مشتمل پرفارمنس کارتک شارٹ کٹ پر یقین نہیں رکھتے۔
وہ نہ صرف ناظرین کی نبض پکڑتے ہیں بلکہ بہت چن کر اسکرپٹ کا انتخاب کرتے ہیں اور پھر اس فلم کو باکس آفس پر ماسٹر اسٹروک بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
اسی لیے کارتک آریان کو اس نسل کے سب سے ذہین سینما دماغوں میں سے ایک بھی کہا جاتا ہے۔







