ٹک ٹاکر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل
ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا
پاکستانی ٹک ٹاکر و ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر ثنا یوسف کو نامعلوم شخص نے دارالحکومت اسلام آباد میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر 2 جون کی رات ایک ایسی خبر نے سب کو حیران کردیا جو پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار ثنا یوسف سے متعلق تھی اور وہ بھی انکی کسی مزاحیہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بارے میں نہیں بلکہ انکی قتل کی خبر تھی۔
چترال سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ ثنا یوسف جو اب تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی تصاویر و ویڈیوز کی وجہ سے مشہور تھیں اب موت کی وجہ سے اپنے فینز سمیت دیگر سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر گئی ہیں۔
ثنا یوسف کون؟
مقتولہ ثنا یوسف کا تعلق بالائی چترال کے گاؤں CHUINJ سے تعلق تھا اور ثنا ایک معروف و متحرک سماجی کارکن کی بیٹی تھیں۔
ثنا یوسف کے والد چترال کے حقوق کا تحفط کرنے کیلئے چلنے والی تحریک 'تحریکِ تحافظ حقوقِ چترال' کے اہم رکن بھی ہیں۔
وہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر متحرک تھیں اور اپنی ویڈیوز کے ذریعے ثقافتی شعور، خواتین کے حقوق، اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی پیغامات کو فروغ دیتی تھیں۔
ثنا یوسف کی ویڈیوز میں چترالی روایات کی جھلک واضح طور پر نظر آتی تھی۔ وہ مزاحیہ کانٹینٹ کے علاوہ حوصلہ افزائی کرتی ویڈیوز بھی بناتی تھیں۔
ثناء یوسف کی معصوم شکل و صورت اور شیریں زبانی انکے فینز کو بے انتہا پسند تھی اور یہ تعریفیں انکی تمام پوسٹس پر اب بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
ثنا یوسف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر برانڈز کلابریشن بھی دیکھی جاسکتی ہے اور ان کلابریشن کیلئے انہوں نے ایک الگ اکاؤنٹ بھی بنا رکھا تھا جس پر وہ خاص طور پر پرانڈز کی تشہیری پوسٹس شیئر کرتی تھیں۔
ثنا کے انسٹاگرام پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور اس تعداد میں روز کی بنیاد میں اضافہ ہوتا جارہا تھا۔
ثنا یوسف کے قتل کی تفصیلات:
ثنا یوسف کے اچانک قتل کی گتھی تاحال سلجھ نہیں پائی ہے اور اس دوران مختلف دعوے کیے جارہے ہیں لیکن کسی بھی دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثنا یوسف کو اسلام آباد کے جی 13 سیکٹر میں ایک نامعلوم شخص نے گولی مار دی تھی۔
بتایا گیا کہ ثنا یوسف کے گھر مہمان موجود تھے اور اسی دوران ملزم گھر میں داخل ہوا اور ثنا یوسف پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ثنا یوسف کو دو گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
ٹک ٹاک اسٹار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے جایا گیا ہے۔
پولیس کی تحقیقات جاری ہے جس میں ملزم کا سراغ لگایا جارہا ہے جس میں یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ گولی مارنے والا شخص ثنا یوسف کا رشتے دار ہی تھا جو گولی مار کر وہاں سے فرار ہوگیا۔
ثنا کو دو گولیاں لگیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کم سِن ثنا یوسف موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
ثنا یوسف کے فینز کیلئے یہ خبر پہاڑ بن کر ٹوٹی ہے اور انکی انسٹاگرام پروفائل پر موجود پوسٹس پر انکی مغفرت کی دعا کمنٹ سیکشن میں لکھتے نظر آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل:
ثنا یوسف جنہوں نے اپنے قتل سے 10 گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی تھی ان کے اچانک قتل نے سب کے رونگھٹے کھڑے کر دیے ہیں۔
ثنا یوسف کے دونوں پبلک اکاؤنٹس پر موجود پوسٹس پر سوشل میڈیا صارفین کمنٹس کرتے دکھ رہے ہیں۔
انکی موت پر انکے فینز گہرے صدمے کا اظہار کرتے دکھ رہے ہیں تو متعدد صارفین جو انکو اب تک جانتے نہیں تھے وہ بھی اس موت پر حیرت زدہ ہیں۔
کمنٹ سیکشن میں متعدد صارفین یہ درخواست بھی کرتے دکھے کہ انکی فیملی کے افراد انکے پبلک اکاؤنٹس کو پرائیوٹ کردیں یا پھر تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں تاکہ مرحومہ کو دنیا سے رخصت ہونے کے بعد گناہ نہ ملے۔
