انفوٹینمنٹ

امیتابھ اور جیا کی شادی کی 52ویں سالگرہ پر چند دلچسپ حقائق

دونوں کے درمیان ایسا بندھن ہے جو وقت کی آزمائشوں میں بھی کبھی کمزور نہ ہوا

Web Desk

امیتابھ اور جیا کی شادی کی 52ویں سالگرہ پر چند دلچسپ حقائق

دونوں کے درمیان ایسا بندھن ہے جو وقت کی آزمائشوں میں بھی کبھی کمزور نہ ہوا

امیتابھ اور جیا کی شادی کی 52ویں سالگرہ پر چند دلچسپ حقائق

بالی وڈ کی لیجنڈری جوڑی، امیتابھ بچن اور جیا بہادری بچن آج 3 جون 2025 کو اپنی شادی کی 52ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

یہ شادی 3 جون 1973 کو ایک سادہ تقریب میں انجام پائی تھی، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی جوڑی فلمی دنیا کی سب سے نمایاں اور مشہور جوڑیوں میں شمار ہونے لگی۔

ان کے درمیان رشتہ شہرت، خاندانی ذمہ داریوں اور میڈیا کی چکا چوند کے باوجود مضبوط رہا، ایک ایسا بندھن جو وقت کی آزمائشوں میں کبھی کمزور نہ ہوا۔

میگزین کور سے شروع ہونے والی محبت

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ان دونوں کی محبت کی کہانی کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں، زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کا تعلق فلموں کے دوران پروان چڑھا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جیا نے امیتابھ کو سب سے پہلے 1970 میں پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں دیکھا تھا، اس وقت وہ فلمساز کے اے عباس کے ساتھ آئے تھے۔

جیا اس وقت ایک مشہور اداکارہ تھیں، جبکہ امیتابھ ابھی اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اگرچہ وہ فلم 'گُڈی' (1971) میں مرکزی کردار حاصل نہ کر سکے، لیکن قسمت نے دونوں کو فلم 'ایک نظر' (1972) میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع دیا۔

امیتابھ پہلے ہی جیا کے حسن و سلیقہ کے دلدادہ ہو چکے تھے، وہ ایک میگزین کے سرورق پر جیا کی تصویر دیکھ کر ان کے گرویدہ ہو گئے تھے۔

چند دنوں میں طے پانے والی شادی

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

امیتابھ اور جیا کی شادی کسی طویل منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں تھی، بلکہ صرف چند دنوں میں انجام پائی۔

1973 میں فلم 'زنجیر' کی ریلیز سے قبل ان کے دوستوں نے طے کیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہوئی تو وہ سب لندن جائیں گے۔

فلم کامیاب ہوئی، مگر امیتابھ کے والدین نے شرط رکھی کہ وہ جیا کے ساتھ صرف شادی کے بعد ہی سفر کر سکتے ہیں۔

امیتابھ نے فوری طور پر جیا کو شادی کی پیشکش کی اور جیا نے بھی فوراً ہاں کہہ دی، یوں ایک سادہ سی تقریب میں دونوں کی شادی ہوئی اور اسی شام دونوں ایک دوسرے کے ہم سفر بن کر لندن روانہ ہو گئے۔

پنڈت کی ناراضی اور رسموں میں رکاوٹ

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

اگرچہ ان کی شادی بظاہر ایک خواب جیسی لگتی ہے، لیکن پس پردہ ایک لمحے کے لیے سب کچھ رک سا گیا تھا۔

جیا کے والد، مشہور صحافی ترون کمار بہادری، نے ایک بار 'دی السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا' میں لکھا تھا کہ امیتابھ اور جیا کی شادی کے وقت ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔

شادی کے لیے بڑی مشکل سے ایک بنگالی پنڈت کو تلاش کیا گیا تھا لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ جیا ایک بنگالی برہمن ہیں اور امیتابھ نہ صرف غیر بنگالی ہیں بلکہ برہمن بھی نہیں ہیں، تو اس نے شادی کرانے سے انکار کر دیا۔

کچھ بحث و مباحثے کے بعد مسئلہ حل ہوا اور امیتابھ بچن نے تمام ہندو رسومات کو احترام سے نبھایا اور یوں ایک مضبوط رشتے کی بنیاد رکھ دی گئی۔

رومانس کے بغیر کامیاب تعلق

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

رومانوی انداز اور شاعرانہ مکالمے امیتابھ بچن کے فلمی کرداروں کا حصہ ضرور رہے ہیں، مگر حقیقت میں وہ اتنے رومانوی نہیں۔

1998 میں سیمی گریوال کے شو ‘Rendezvous with Simi Garewal’ پر جیا نے اعتراف کیا کہ امیتابھ کبھی رومانوی عاشق نہیں رہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امیتابھ رومینٹک ہیں؟ تو امیتابھ نے فورا کہا 'نہیں'، اور جیا نے ہنستے ہوئے کہا کہ 'میرے ساتھ تو کبھی نہیں'۔

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا تھا کہ 'امیتابھ بچن نے انہیں کبھی پھول یا شراب جیسے کوئی تحفے نہیں دیے، کیونکہ وہ بہت شرمیلے ہیں، شاید وہ اپنی کسی گرل فرینڈ کے ساتھ ہی رومینٹک ہوتے ہوں گے۔

خاندان سب سے مقدم

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

امیتابھ اور جیا دونوں نے اپنے کریئر میں کامیابیاں سمیٹیں، لیکن خاندانی زندگی ان دونوں کی اولین ترجیح رہی۔

جیا نے شادی کے بعد شعوری طور پر فلموں سے کنارہ کشی اختیار کی تاکہ اپنے دونوں بچوں، شویتا اور ابھیشیک، کی پرورش کر سکیں، دوسری جانب امیتابھ نے فلمی دنیا میں قدم جمائے رکھے۔

دونوں کے درمیان تقسیم شدہ ذمہ داریوں نے ان کے رشتے کو مضبوطی دی، آج بھی یہ جوڑا اکثر اپنے نواسوں اور نواسیوں کے ساتھ نظر آتا ہے اور خاندانی تقریبات میں شریک ہوتا ہے۔

جیا کی خاموش قربانیوں نے اس محبت کو گہرائی دی، جو کسی بھی فلمی رومانس سے زیادہ دیرپا ثابت ہوئی۔