انفوٹینمنٹ

عامر خان کیلئے 'مسٹر پرفیکشنسٹ' کے خطاب پر انگلیاں اٹھنے لگیں

عامر خان ری میک فلمیں بنانے کے دفاع میں کمزور دلیلیں دینے پر تنقید کی زد میں آ گئے

Web Desk

عامر خان کیلئے 'مسٹر پرفیکشنسٹ' کے خطاب پر انگلیاں اٹھنے لگیں

عامر خان ری میک فلمیں بنانے کے دفاع میں کمزور دلیلیں دینے پر تنقید کی زد میں آ گئے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان ری میک فلمیں بنانے کے دفاع میں کمزور دلیلیں دینے پر تنقید کی زد میں آ گئے اور ان کیلئے 'مسٹر پرفیکشنسٹ' کے خطاب پر بھی انگلیاں اٹھنے لگیں۔

یہ بحث ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب ان کی آنے والی فلم 'ستارے زمین پر' تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہے، جو کہ 2018 کی اسپینش فلم Champions کا ری میک ہے۔

جبکہ اس سے قبل ان کی پچھلی فلم' لال سنگھ چڈھا'(جو ہالی وُڈ کلاسک فلم Forrest Gump کا ہندی ورژن تھی) کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ری میک فلموں پر عامر خان کا مؤقف

حال ہی میں پوڈکاسٹر راج شمانی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے ری میک فلموں کے حوالے سے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اصل کہانیوں کے مقابلے میں ری میکس کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے ری میک بنانے میں کوئی مسئلہ نہیں، میں نہیں سمجھتا کہ اس سے میری تخلیقی صلاحیتیں کم ہوتی ہیں، کیونکہ میں اس کہانی کو اپنی نظر سے دیکھ کر پیش کر رہا ہوں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'آج بھی دنیا بھر میں شیکسپیئر کے ڈرامے مختلف زبانوں میں نئے انداز سے پیش کیے جاتے ہیں، اور ہم اس پر تالیاں بجاتے ہیں، تو اگر وہ ری میک نہیں تو اور کیا ہے؟ ان پر تو کوئی تنقید نہیں کرتا'۔

عامر خان نے اس بحث کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'اگر مجھ سے پہلے دس لوگ بھی کوئی کام کر چکے ہوں تو میں اسے سیکھنے کا موقع سمجھتا ہوں، مجھے پہلے بھی ری میکس بنانے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، اور آج بھی نہیں ہے'۔

عامر خان نے انٹرویو میں مزید انکشاف کیا کہ جب انہوں نے اسپینش فلم Champions دیکھی تو انہیں محسوس ہوا کہ جیسے وہ 'تارے زمین پر' کا دوسرا پارٹ دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بھارتی فلم بین یہ اسپینش فلم نہیں دیکھیں گے، ہمیں اپنا تڑکا چاہیے، تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اس کہانی کو ہندوستانی رنگ میں ڈھالوں'۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں تھوڑا سا پاگل ہوں، مجھے پریکٹیکل باتیں سمجھ نہیں آتیں'۔

سوشل میڈیا پر شدید ردعمل

جہاں عامر خان کے مداح ان کی وضاحت سے مطمئن دکھائی دیے، وہیں سوشل میڈیا پر ان کی باتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ جس شخص نے ہمیشہ اصلیت، تخلیقی مواد اور منفرد کہانیوں کی ترویج کی ہو، اس کا بار بار ری میک بنانا اس کی اپنی باتوں سے انحراف ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ 'عامر خان پہلے اصل مواد کا پرچار کرتے تھے، اب خود ری میکس کے دلدادہ ہو گئے ہیں، یہ تو کھلی منافقت ہے'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'شیکسپیئر کی صدیوں پرانی تحریروں کو نئے انداز سے پیش کرنا اور کسی حالیہ فلم کو سین ٹو سین کاپی کرنا ایک جیسا نہیں ہے، عامر خان کو ری میک اور ایڈاپٹیشن میں فرق سمجھنا چاہیے'۔

تازہ ترین