انفوٹینمنٹ

ثمینہ پیرزادہ نے اسکرین سے سات سالہ دوری کی وجہ بتا دی

فلم دیمک سے اسکرین پر واپسی

Web Desk

ثمینہ پیرزادہ نے اسکرین سے سات سالہ دوری کی وجہ بتا دی

فلم دیمک سے اسکرین پر واپسی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے سات برس طویل اسکرین سے غیر موجودگی کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔

ثمینہ پیرزادہ اب جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی ہارر فلم ‘دیمک‘ کے ذریعے دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔ واضح رہے کہ ان کا آخری ٹی وی پروجیکٹ 2018 میں نشر ہونے والا مقبول ڈرامہ ‘بلا‘ تھا۔

حال ہی میں فلم دیمک کی تشہیری مہم کے دوران دیے گئے ایک انٹرویو میں ثمینہ پیرزادہ نے اپنی طویل غیر حاضری کے پس پردہ جذباتی اور ذاتی وجوہات پر روشنی ڈالی۔

 انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈرامہ بلا میں نبھایا گیا کردار ان پر گہرے جذباتی اثرات مرتب کر گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اداکاری سے کچھ وقت کے لیے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ بلا کی آخری چار پانچ اقساط میں جس کردار کو میں نے ادا کیا، اُس کی یادداشت کمزور ہو جاتی ہے۔ میں نے اس کردار کے لیے اپنی والدہ سے انسپائریشن لی، کیونکہ ان کی زندگی کے آخری ایام میں ان کی یادداشت بھی اسی طرح ماند پڑتی جا رہی تھی۔ صبح اُنہیں دیکھ کر جاتی، شام کو واپسی پر بھی ان کے ساتھ وقت گزارتی، اور پھر شوٹنگ میں ان جیسا کردار نبھاتی تھی۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد یہ کردار ان کے لیے نہایت دلگداز تجربہ بن گیا، اور وہ ذہنی و جذباتی طور پر بہت متاثر ہوئیں۔

ثمینہ پیرزادہ نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ جب میری والدہ کا انتقال ہوا اور ڈرامہ ختم ہوا، تو میں نے اپنی بیٹیوں سے رابطہ کیا اور اُن کے پاس چلی گئی۔ اسی دوران کوویڈ-19 کی وبا نے دنیا کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث میرے تمام مجوزہ پراجیکٹس منسوخ ہو گئے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں وہ اس غیر متوقع وقفے سے پریشان ہوئیں، لیکن رفتہ رفتہ انہوں نے اس خاموشی اور فارغ وقت کو انجوائے کرنا شروع کر دیا، اور دوبارہ کام نہ کرنے کو بھی ایک طرح سے ذاتی سکون کا ذریعہ بنا لیا۔

اب وہ ایک نئے جوش اور نیا وژن لے کر فلم ‘دیمک‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔

تازہ ترین