ماہرہ خان کو 'فی میل فہد مصطفیٰ' کہنے پر احمد بٹ کی وضاحت
فہد مصطفیٰ کو اپنے آپ کو برینڈ بنانا آتا ہے، ماہرہ خان
معروف اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے اداکارہ ماہرہ خان کو نامور اداکار فہد مصطفیٰ کا 'فی میل ورژن' قرار دے دیا۔
حال ہی میں ماہرہ خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
پوڈکاسٹ کے دوران ماہرہ خان نے میزبان احمد علی بٹ سے ہی سوال کر ڈالا کہ 'میں نے فواد خان کے ساتھ آپ کی پوڈکاسٹ دیکھی تھی جس میں آپ نے کہا تھا کہ ماہرہ خان پاکستان کی فہد مصطفیٰ ہیں، اس کی کیا وجہ تھی؟'
جواب میں احمد علی بٹ نے کہا کہ 'جی میں اس کی وجہ بتاتا ہوں، میرا خیال ہے فواد بہت زیادہ سست ہے، کام بالکل نہیں کرتا، اس کو ڈنڈے مار کر نکالنا پڑتا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہی معاملہ ہمایوں سعید کے ساتھ ہے، وہ پروڈکشن میں زیادہ انوالو ہیں، بہت ٹائم بعد اس کا کوئی پراجیکٹ آتا ہے'۔
احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ 'اگر کوئی شخص ہے جسے اپنی وقعت کا اندازہ ہے اور وہ اسے کیش کروانا جانتا ہے، اور اسے اپنے آپ کو برینڈ بنانا بھی آتا ہے تو وہ فہد مصطفیٰ ہیں، فہد مصطفیٰ سے بڑا برینڈ ابھی تک پاکستان میں نہیں آیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اس لیے میں کہتا ہوں کہ پاکستان میں اگر کوئی فی میل فہد مصطفیٰ ہے تو وہ آپ ہیں، آپ اداکاری کے میدان میں مسلسل اپنی نئی سے نئی جہت متعارف کروا رہی ہیں، آپ نے پچھلے 20 برسوں سے خود کو relevant بنائے رکھا ہے، 20 سال بہت ہوتے ہیں، تو واقعی آپ فہد مصطفیٰ ہیں'۔
ماہرہ خان کے کریئر کے بارے میں
اداکارہ ماہرہ خان کی اداکاری کا آغاز 2006 میں ہوا، مگر ان کے حصے میں بڑی کامیابی ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' میں خرد کا کردار ادا کرنے کی صورت میں آئی جسکے بعد ماہرہ خان جس بھی ڈرامے کا حصہ بنیں اسے کامیابی سے ہمکنار کرواکر ہی دم لیا۔
انکے قابل ذکر ڈراموں میں صدقے تمہارے، بن روئے، اور شہر ذات بھی شامل ہیں جس میں ماہرہ کی اداکاری کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں سے لاکھوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنانے کے بعد ماہرہ خان نے فلم نگری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور شعیب منصور کی فلم 'بول' سے ایک بار پھر ان کی شہرت کو چار چاند لگ گئے۔
اس کے بعد وہ مختلف فلموں میں نظر آئیں، جیسے ’ورنہ‘ اور ’ہو من جہاں‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ’جن میں ان کی پرفارمنس نے پاکستانی سینما میں ایک نئی روح پھونکی۔
صرف یہی نہیں بلکہ اپنی فنی صلاحیتوں کو ماہرہ خان نے پاکستان تک ہی محدود نہ رکھا بلکہ بالی وڈ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیااس فلم نے بین الاقوامی سطح پر ان کی فین فالوونگ میں اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی نئی مزاحیہ فلم ’لو گرو‘ کی بین الاقوامی پروموشن کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں اور اس دوران وہ مختلف مقامات پر فلم کی تشہیر کرتی نظر آئیں گی۔



