انفوٹینمنٹ

وہ فلم جو ریکھا نے امیتابھ بچن کیساتھ وقت بیتانے کیلئے چھوڑدی

ریکھا کی درخواست سُن کر ڈائریکٹر مشکل میں پڑ گئے کیونکہ پورا شوٹنگ شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہ تھا

Web Desk

وہ فلم جو ریکھا نے امیتابھ بچن کیساتھ وقت بیتانے کیلئے چھوڑدی

ریکھا کی درخواست سُن کر ڈائریکٹر مشکل میں پڑ گئے کیونکہ پورا شوٹنگ شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہ تھا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے دو عظیم ستارے، امیتابھ بچن اور ریکھا، کئی دہائیوں سے مداحوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔

دونوں کی اسکرین پر جاندار کیمسٹری اور ان کے تعلقات سے جڑی افواہوں نے ہمیشہ خبروں میں جگہ بنائی لیکن ایک پرانی اور حیران کن کہانی سے بیشتر لوگ ناواقف ہیں جس کا انکشاف اداکار رنجیت نے ایک انٹرویو میں کیا۔

رنجیت کے بقول ریکھا نے ایک فلم کی پیشکش صرف اس وجہ سے ٹھکرا دی تھی کہ وہ شام کا وقت امیتابھ بچن کے ساتھ گزارنا چاہتی تھیں۔

اداکار رنجیت، جو بالی وڈ میں منفی کرداروں کے لیے مشہور رہے، انہوں نے اداکاری چھوڑنے کے بعد فلم سازی کی طرف رخ کرلیا تھا۔

2015 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے ایک فلم لکھی اور خود ہی اس کی ہدایتکاری کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے دھرمیندر، ریکھا اور جیا پردا کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

رنجیت نے بتایا کہ 'میں نے اداکاری چھوڑنے کے بعد ایک فلم کا اسکرپٹ لکھا اور دھرمیندر، ریکھا اور جیا پردا کے ساتھ فلم بنانے کا فیصلہ کیا، ریکھا میری پہلی فلم 'ساون بہادوں' میں میری ساتھی اداکارہ تھیں، اسی لیے ہمارا تعلق پرانا اور دوستانہ تھا'۔

فلم کا نام 'کارنامہ' رکھا گیا اور اس کی شوٹنگ شام کے وقت میں رکھی گئی تھی، سب کچھ منصوبے کے مطابق چل رہا تھا لیکن پھر ایک دن رنجیت کو ریکھا کا فون آیا جس نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔

رنجیت کے مطابق 'ریکھا نے فون کر کے کہا کہ کیا شوٹنگ کا وقت صبح کا کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہ شامیں امیتابھ بچن کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں؟'

ریکھا کی یہ درخواست سُن کر رنجیت مشکل میں پڑ گئے کیونکہ پورا شوٹنگ شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہ تھا، چنانچہ انہوں نے نرمی سے معذرت کر لی۔

تاہم انکار سُن کر ریکھا نے پھر یہ فلم ہی چھوڑ دی اور ایڈوانس رقم واپس کر دی، ان کے اس فیصلے نے فلم کے شیڈول کو متاثر کیا، دھرمیندر دوسرے منصوبوں میں مصروف ہو گئے اور پوری کاسٹ میں تبدیلی آ گئی۔

رنجیت نے بتایا کہ دھرمیندر نے ریکھا کی جگہ انیتا راج کا نام تجویز کیا، لیکن فلم بالآخر مختلف اداکاروں کے ساتھ مکمل کی گئی۔

یاد رہے کہ 'کارنامہ' فلم 1990 میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی جس میں فرح، کمی کاٹکر اور ونود کھنہ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، فلم باکس آفس پر اوسط درجے کا بزنس کر سکی تھی۔

ریکھا اور امیتابھ کے درمیان تعلقات کی کہانیوں کی اگرچہ کبھی واضھ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، لیکن یہ واقعہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان کا رشتہ صرف افواہ نہیں بلکہ حقیقت کا عکس بھی رکھتا تھا۔