بے بی بمپ دکھانے پر تنقید، نہ فرق پڑا ہے نا پڑے گا، مریم نفیس
اداکارہ نے ماضی میں ہونے والی تنقید پر تفصیلی بیان دیدیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش اداکارہ مریم نفیس نے اپنے پریگننسی کے دنوں میں سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی بے بی بمپ کی تصاویر پر منفی کمنٹس کرنے والے صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکارہ حال ہی میں نجی ٹیلی ویژن کے ایک مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مداحوں سے اپنی نجی زندگی سے لے کر پروفیشنل فرنٹ تک تمام پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
تاہم انٹرویو میں مریم کی جانب سے بے بی بمپ کی فوٹوز پر صارفین کی جانب سے آنے والے بیک لیش پر کی جانے والی گفتگو کی کلپ مداحوں کی توجہ سمیٹنے میں کامیاب ہوگئی۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ مریم نفیس نے اپنے 'بے بی بمپ' فوٹو شوٹ پر ہونے والی تنقید پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوٹو شوٹ کی جانے والی تنقید سمجھ نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر کوئی خاتون حمل سے ہے تو یہ سمجھا جاتا ہے کہ اب وہ نہ باہر جاسکتی ہے نہ کہیں گھومنے جاسکتی ہیں اور بس خود کو صرف گھر تک ہی محدود رکھے لیکن میرا سوال ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟‘۔
مریم کا کہنا تھا کہ ‘بچہ پیدا کرنا کوئی غلط کام نہیں یہ بہت بڑی نعمت اور معجزاتی کام ہے پھر معاشرے میں حمل یا بے بی بمپ چھپانے کی باتیں کیوں کی جاتی ہیں؟۔
مریم نفیس نے معاشرے کی پدر شاہی سوچ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ‘ہمارا معاشرہ پدرشاہانہ معاشرہ ہے یہاں مردوں کی چلتی اور سنی جاتی ہے اور بات کی جائے مردوں کی تو وہ کسی خاتون کی سننا ہی نہیں چاہتے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں پڑھی لکھی اور رائے دینے والی خواتین کو برداشت نہیں کیا جاتا جو خاتون کسی بھی مسئلے پر اپنی رائے دیتی ہے تو اس کی رائے نہیں سنی جاتی بلکہ اس پر طنز کیے جاتے ہیں کہ یہ بہت رائے دیتی رہتی ہیں ہر وقت اپنی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں‘۔
مریم نفیس نے بتایا کہ ان کے 'بے بی بمپ' فوٹو شوٹ کی تصاویر کو بہت سی خواتین نے سراہا اور اس پر ان سے رہنمائی بھی طلب کی تاہم کچھ افراد نے ان پر تنقید بھی کی جس کا انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی کبھی پڑے گا‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے ماضی میں بے بی بمپ پر ہونے والی تنقید پر کہا تھا کہ ‘پاکستانی عوام ایک بمپ دیکھ کر ایسے پریشان ہو رہی ہے جیسے وہ آسمان سے گرے ہوں اگر آپ کو بمپ دیکھ کر مسئلہ ہے تو ان فالو کریں اور آگے بڑھ جائیں کیونکہ میں یہ بمپ مزید دکھانے والی ہوں’۔




