اسکینڈلز

تشدد کی رومانوی تصویر کشی؛ ایمن سلیم کی ڈرامے پر تنقید

اگرچہ اداکارہ نے ڈرامے کا نام نہیں لیا لیکن خیال ہے کہ انہوں نے 'من مست ملنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

Web Desk

تشدد کی رومانوی تصویر کشی؛ ایمن سلیم کی ڈرامے پر تنقید

اگرچہ اداکارہ نے ڈرامے کا نام نہیں لیا لیکن خیال ہے کہ انہوں نے 'من مست ملنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

تشدد کی رومانوی تصویر کشی؛ ایمن سلیم کی ڈرامے پر تنقید

ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ایمن سلیم نے حال ہی میں نشر ہونے والے ایک ڈرامے میں خواتین پر تشدد کو رومانوی انداز میں دکھانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایمن سلیم کا شمار ٹی وی کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہوں نے سال 2021 میں کامیڈی ڈرامہ 'چپکے چپکے' سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ کا لکس اسٹائل ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔

اس کے فوراً بعد ہی انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا تاہم اگلے ہی سال اس فیصلے سے واپسی کی اور حرا مانی اور شہزاد شیخ کے ساتھ 'ابنِ حوا' میں کردار نبھاتی نظر آئیں اور 2022 میں ہی ارسلان نصیر کے ساتھ رمضان سیریل 'پرستان' میں نظر آئیں۔

اداکارہ 22 دسمبر 2023 کو کامران ملک نامی شخص کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

شادی کے بعد سے ایمن نہ صرف اسکرین سے دور ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ متحرک نہیں اور متنازع موضوعات پر اپنی رائے دینے میں بھی محتاط رہتی ہیں۔

تاہم حال ہی جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے 'من مست ملنگ' میں دکھائے جانے والے پریشان کن مناظر پر وہ بھی بول پڑیں۔

 سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں اداکارہ نے لکھا کہ 'بس بہت ہوگیا! ایک حالیہ ڈرامے میں جس طرح سے ایک عورت کو رسیوں سے باندھ کر بدسلوکی کی تصویر کشی کی گئی اور اسے رومانوی یا بولڈ انداز میں دکھایا گیا ہے اس سے میں بہت پریشان ہوں'۔

ایمن نے کہا کہ 'یہ تفریح نہیں ہے، بلکہ ایک خطرناک کہانی ہے'

انہوں نے لکھا کہ ایسے مناظر کو 'محبت' کے طور پر پیش کرنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ ایسے معاشرے میں جہاں پہلے ہی خواتین کو شادی شدہ پدرشاہی نظام، جذباتی و جسمانی تشدد اور سماجی دباؤ کا سامنا ہے، میڈیا کا کردار یا تو ان زہریلے رویوں کو تقویت دیتا ہے ہے یا ا نہیں چیلنج کرتا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ ڈرامے حوصلہ، خودمختاری اور ترقی کا ذریعہ ہونے چاہئیں، نہ کہ ہمیں دوبارہ ان رویوں کی طرف دھکیلیں جو محبت کے نام پر تکلیف کو جائز قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے ایسے مضبوط، خود شناس خواتین کے کردار دیکھے ہیں جو نسل در نسل چلنے والے مسائل کو روکتے ہیں۔ تو پھر ہم کیوں پیچھے جا رہے ہیں؟'

اداکارہ نے مصنفین، پروڈیوسرز، چینلز اور خاص طور پر اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ عوام کے لیے متاثرکن شخصیات ہوتے ہیں، اور انہیں چاہیے کہ ذمہ داری سے اسکرپٹس اور کہانیوں کا انتخاب کریں۔

ایمن سلیم نے زور دیا کہ یہ صرف ایک افسانہ نہیں ہوتا، بلکہ یہ ثقافت کو تشکیل دیتا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کسی ڈرامے کا نام نہیں لیا لیکن حال ہی میں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے 'من مست ملنگ' کو انہی مناظر کی بنا پر ناظرین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ڈرامے میں رومانوی مناظر کو نہ صرف انتہائی بولڈ انداز میں دکھایا گیا بلکہ ان کی پر تشدد تصویر کشی بھی کی گئی جس پر سوشل میڈیا صارفین پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔