کوہلی پہلی بار IPL ٹرافی جیتنے پر آبدیدہ، انوشکا خوشی سے نہال
ویرات کوہلی مسلسل 18 سیزن سے رائل چیلنجرز بینگلورو کی نمائندگی کر رہے ہیں
کرکٹ کی دنیا میں گزشتہ شب ایک تاریخ ساز لمحہ بن گئی جب رائل چیلنجرز بینگلورو (RCB) نے آخرکار انڈین پریمیئر لیگ (IPL) کا اپنا پہلا ٹائٹل جیت لیا۔
پنجاب کنگز کے خلاف چھ رنز سے جیت کے ساتھ رائل چیلنجرز بینگلورو کا 18 سالہ طویل انتظار ختم ہوا اور ویرات کوہلی، جو اس ٹیم کا چہرہ اور روح سمجھے جاتے ہیں، اختتامی لمحات میں جذبات پر قابو نہ پاکر آبدیدہ ہوگئے۔
گیند کے باؤنڈری پار جاتے ہی ویرات کوہلی گھٹنوں کے بل زمین پر گر گئے، آنکھیں نم تھیں اور چہرے پر برسوں کی جدوجہد کی جھلک صاف نظر آ رہی تھی۔
پوری ٹیم ان کی طرف دوڑتی ہوئی آئی اور گلے ملنے کے ایک جذباتی منظر نے ہر دل کو چھو لیا، راجت پٹیدار، کرونال پانڈیا اور جیتیش شرما بھی جشن میں پیش پیش نظر آئے۔
کوہلی کا 18 سالہ سفر
ویرات کوہلی 2008 سے RCB کا حصہ رہے ہیں اور ان کا یہ سفر کامیابیوں، ناکامیوں، اور دل شکستہ لمحات سے بھرا رہا ہے۔
2009، 2011 اور 2016 میں جیت کے انتہائی قریب پہنچ کر چوک جانا اور ہر سال نئے جذبے کے ساتھ واپسی کرنا، کوہلی کی لگن اور وفاداری کی مثال ہے۔
کوہلی وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے IPL کے تمام 18 ایڈیشنز میں صرف ایک ہی فرنچائز کی نمائندگی کی، ان کے مسلسل شاندار پرفارمنس کے باوجود ٹیم کامیابی سے محروم رہی، جس پر انہیں مداحوں اور ناقدین کی جانب سے مسلسل تنقید اور طنز کا سامنا رہا۔
احمد آباد میں گزشتہ روز وہ منظر ناقابل فراموش تھا جب کوہلی سر پر ہاتھ رکھے، آنکھوں میں آنسو لیے، باؤنڈری لائن کے قریب کھڑے تھے، وہ ایک ایسا لمحہ تھا جو ویرات کوہلی کے سفر اور جدوجہد کی داستان سنا رہا تھا۔
جشن کے دوران RCB کے سابق اسٹارز اے بی ڈی ویلیئرز اور کرس گیل بھی میدان میں اتر آئے اور کوہلی کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔
پورے اسٹیڈیم میں جذباتی مناظر تھے، جہاں صرف ایک ٹیم کی جیت نہیں بلکہ ایک شخص کے عزم، وفاداری اور مسلسل جدوجہد کو سلام پیش کیا جا رہا تھا۔
انوشکا شرما کی خوشی
ویرات کوہلی کی اہلیہ اور معروف اداکارہ انوشکا شرما اس تاریخی جیت پر بے حد خوش دکھائی دیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں انہیں خوشی سے چیختے، اچھلتے اور اپنی سہیلی کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انوشکا، جو اپنے شوہر اور انکی ٹیم کے ہر اتار چڑھاؤ میں بھرپور ساتھ دیتی آئی ہیں، گزشتہ روز جذبات سے سرشار نظر آئیں۔
ایک اور ویڈیو میں کوہلی کو انوشکا کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں وہ اپنی اہلیہ کو ماتھے پر بوسہ دیتے ہیں۔
جیت کے بعد کوہلی نے میڈیا سے گفتگو میں انوشکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'انوشکا نے ہر اچھے برے وقت میں میرا ساتھ دیا ہے، وہ 2014 سے RCB کو سپورٹ کر رہی ہیں، تو یہ سفر ان کے لیے بھی 11 سال طویل رہا ہے، وہ ہر میچ دیکھتی رہی ہیں، چاہے ہم جیتیں یا ہاریں، وہ بھی اس جیت کی حق دار ہیں'۔
ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ انوشکا نے ان کے ساتھ ہر درد، ہر ناکامی کو محسوس کیا ہے، اور چونکہ انوشکا کا تعلق بھی بنگلور سے ہے، اس لیے ان کا RCB سے جذباتی تعلق ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے۔


