خلیل الرحمان کا ماہرہ خان سے رابطہ، دوریاں مٹ گئیں
خلیل الرحمان قمر کا ماہرہ خان کے نئے بیان پر ردِعمل
پاکستانی معروف لکھاری خلیل الرحمان قمر نے سپر اسٹار ماہرہ خان کی جانب سے غلطی تسلیم کیے جانے پر ردِعمل دے دیا۔
متنازع بیانات اور ڈراما اسٹوریز کے سبب شہ سرخیوں کا حصہ بننے والے خلیل الرحمان قمر ماضی میں کبھی عورتوں کے حق میں تو کبھی عورتوں کے مخالف بیانات دینے کے سبب چرچوں میں رہ چکے ہیں۔
خلیل الرحمان قمر کا نام گزشتہ سال ایک ہنی ٹریپ کیس کے سبب خبروں کی زینت بنا لیکن اس سے قبل وہ فنکاروں سے متعلق سخت جملے ادا کرنے کی وجہ سے چرچوں میں رہے جن میں انکا سے سب سے بڑا تنازع ماہرہ خان کے ساتھ ثابت ہوا جس پر اب دونوں نے ایک مرتبہ پھر کھل کر بات کی ہے۔
ماہرہ خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ 'ایکسکیوز می' میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے خلیل الرحمان قمر کے خلاف کیے گئے ٹوئٹ پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'اگر آپ مجھ سے یہ پوچھنا چاہ رہے ہیں کہ اس معاملے میں میں غلط تھی کہ نہیں، تو ہاں میں غلط تھی، مجھے انہیں میسج کرنا چاہیے تھا، وہ بالکل درست کہتے ہیں کہ مجھے ٹوئٹ کرنے سے قبل براہِ راست ان سے پوچھنا چاہیے تھا اور یہی میری غلطی تھی، ہوا یہ تھا کہ میں نیلوفر کی شوٹنگ کر رہی تھی اور رات کے چار بجے میں نے یہ خبر دیکھی، جس میں ایک عورت کے ساتھ بدتمیزی کی بات تھی، میرے لیے یہ اہم نہیں تھا کہ وہ عورت کون ہے، لیکن جب ہم بڑے لوگوں کو غلط کہتے ہیں تو ہم اپنی نوکری کھونے سے ڈرتے ہیں۔ مجھے غصہ آیا اور میں نے ٹوئٹ کر دیا۔'
اب خلیل الرحمان قمر نے یوٹیوب چینل 'دا بلیو ٹروتھ ڈیجیٹل' کے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے ماہرہ خان کے تازہ بیان پر ردِعمل دیا۔
خلیل الرحمان نے کہا کہ 'ماہرہ نے احمد علی بٹ کی پوڈ کاسٹ میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے غلطی ہوئی، انہیں ٹوئٹ کرنے سے قبل مجھے سے ذاتی طور پر کال کر کے بات کرنی چاہئے تھی، میں انکا بہت احترام کرتا ہوں اور انکے اس انداز کو سراہتا ہوں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے درمیان ایک باہمی احترام کا رشتہ ہے، میں بس اس بات پر خفا تھا کہ وہ مجھ سے کال پر بات کر سکتی تھیں، انکو جو بھی کہنا تھا وہ کہہ سکتی تھیں، لیکن پرائیوٹ کال پر، انکا ٹوئٹ میرے بہت تکلیف دہ تھا۔'
خلیل الرحمان نے مزید کہا کہ 'ماہرہ خان ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی ہیں اور وہ اب بھی ہیں، میں ماضی میں ان پر جتنی بھی تنقید کی اس سے مجھے خود بھی تکلیف ہوتی تھی۔'
خلیل الرحمان نے ماہرہ خان سے رابطہ کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ آج میں نے انکا وہ انٹرویو دیکھا اور انہیں میسج کیا کہ 'آج میری تم سے ساری شکایات ختم گئی ہیں۔'
یاد رہے کہ خلیل الرحمان قمر کے مقبول ترین ڈراموں میں 'میرے پاس تم ہو' ، 'بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ' ، 'بَنٹی آئی لو یو' ، 'منجلی' ، 'میرا نام یوسف ہے' ، 'محبت تم سے نفرت ہے'، 'ذرا یاد کر' ، 'پیارے افضل' ، 'سن میرے دل' شامل ہیں جبکہ انکے مشہور ڈرامے 'صدقے تمھارے' میں ماہرہ خان نے 'شانو' نامی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔



