مقتولہ ثنا یوسف کا ریلیشنشپ سے دور رہنے کا مشورہ وائرل
ثنا یوسف کے اچھے کردار کی عکاسی کرتی ویڈیو وائرل
پاکستانی مقتولہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا ریلیشنشپ سے متعلق دیا گیا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ثنا یوسف کے قتل کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی دو امکانات ظاہر کیے جارہے تھے کہ آیا انہیں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے یا پھر انکو قتل کرنے والا کوئی انکا عاشق تھا جس نے انکو قتل کردیا۔
ثنا یوسف کے قتل کی تحقیقات کرتے ہوئے پولیس نے ان دونوں ہی پہلوؤں پر توجہ دی لیکن یہ دونوں ہی باتیں محض افواہ ثابت ہوئیں۔
ثنا کے قتل کی وجہ وہ انکار بنا جو وہ ایک شخص کو دوستی کرنے کے اصرار پر کر رہی تھیں۔
2 جون کی شام پیش آنے والے اس قتل کے واقعے نے سب کے رونگٹے کھڑے کردیے تھے اور اگلے ہی روز 3 جون کی دوپہر پولیس نے مبینہ قاتل کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا جس نے خود کو ثنا یوسف کا دوست بتایا لیکن آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے انکشاف کیا کہ عمر حیات مقتولہ سے دوستی کرنے کی خواہش رکھتا تھا لیکن مقتولہ بار بار انکار کر رہی تھیں۔
چترالی ٹک ٹاکر ثنا یوسف اسلام آباد میں رہائش پذیر تھیں جہاں وہ گھومتے پھرتے ہوئے ویڈیوز بناتی تھیں، کبھی وہ کسی برانڈ کے کپڑوں کی تشہیر کرتی نظر آتی تھیں تو کبھی وہ کسی ریسٹورنٹ کی پروموشن کرتی دکھتی تھیں۔
بے دردی سے قتل کی جانے والی ثنا یوسف کی ایک ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں وہ دورانِ شاپنگ انٹرویو دیتی نظر آئیں۔
ویڈیو میں ثنا یوسف کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ 'میری زندگی میں سب سے زیادہ اہم میرے والدین ہیں اس لیے میں انکی خوشی چاہتی ہوں، باقی اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے اس لیے کوئی اور خواہش نہیں ہے، مجھے خود خوش رہنا اور دوسروں کو بھی خوش دیکھنا پسند ہے۔'
انہوں نے ریلیشنشپ سے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ 'میں ان سب معاملات میں نہیں ہوں کیونکہ ہم ذہنی دباؤ کو برداشت نہیں کرسکتے، میں کبھی ریلیشنشپ میں رہی ہی نہیں ہوں، میری زندگی میں سیچوئیشنسپ ہی چل رہے ہیں ابھی تک کیونکہ یہ جو زمانہ چل رہا ہے اس میں ریلیشنشپ نہیں چلتے، لڑکیاں سیچوئیشنشپ میں ہی خوش رہتی ہیں۔'
ثنا یوسف نے مزید کہا کہ 'لڑکیوں کو مشورہ ہے کہ جو تمھارا ہے وہ کبھی چھوڑ کر نہیں جائیگا اور جو جاتا ہے ناں وہ واپس لوٹ کر نہیں آتا، جو ایک دفعہ نکل گیا اس کو کہو کہ دفعہ ہوجاؤ۔'
شوخ مزاج ثنا یوسف نے ایک اور سوال کے جواب میں لڑکوں اور لڑکیوں کی جانب سے بولے جانے والے عام جھوٹ بتاتے ہوئے کہا کہ 'لڑکے کہتے ہیں کہ میں تمھارے بنا جی نہیں سکتا مر جاؤں گا، اور لڑکیاں کہتی ہیں کہ میں نے تم سے پہلے کسی سے پیار نہیں کیا تھا۔'
اس ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین ثنا یوسف کے کردار کی تعریفیں کرتے نظر آرہے ہیں اور قاتل کو جلد تختہ دار پر لٹکا دیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے دکھ رہے ہیں۔




