انفوٹینمنٹ

بدو بدی نے جو شہرت دی وہ نورجہاں اور ممتاز کو بھی نہ مل سکی ،چاہت

وہ جلد اپنی 100 گانوں پر مشتمل فہرست مکمل کرنے والے ہیں

Web Desk

بدو بدی نے جو شہرت دی وہ نورجہاں اور ممتاز کو بھی نہ مل سکی ،چاہت

وہ جلد اپنی 100 گانوں پر مشتمل فہرست مکمل کرنے والے ہیں

اسکرین گریب
اسکرین گریب

معروف کامیڈین اور گلوکار چاہت فتح علی خان نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اُن کے گانے ’بدو بدی‘ نے انہیں بے پناہ شہرت دلائی، جو بقول اُن کے، اسی نوعیت کا اصل گانا گانے کے باوجود ملکہ ترنم نورجہاں اور اداکارہ ممتاز بیگم کو حاصل نہ ہو سکی۔

چاہت فتح علی خان کا یہ گانا جون 2024 میں ریلیز ہوا، جسے 1973 کی پاکستانی فلم ‘بنارسی ٹھگ‘ میں شامل نورجہاں کے مشہور نغمے ‘اکھ لڑی بدو بدی‘ سے متاثر قرار دیا جاتا ہے۔ اس گانے کو فلم میں ممتاز بیگم پر فلمایا گیا تھا۔

چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ اُن کے گانے کی دھن اور شاعری جزوی طور پر مختلف ہے، اور ان کے مطابق یہی فرق اسے منفرد بناتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ نورجہاں اور ممتاز بیگم جیسے عظیم فنکاروں کو اس نغمے سے کوئی خاص شہرت نہیں ملی، جب کہ انہیں اسی گانے کے ذریعے قومی سطح پر مقبولیت حاصل ہوئی۔

چاہت فتح علی خان نے شکوہ کیا کہ پاکستانی موسیقی کی دنیا کے فنکار انہیں گلوکار کے طور پر تسلیم نہیں کرتے، تاہم وہ جلد اپنی 100 گانوں پر مشتمل فہرست مکمل کرنے والے ہیں، جس کے بعد وہ خود کو باقاعدہ گلوکار کہلانے کے حق دار سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض فنکار ایسی تقاریب میں شرکت سے بھی انکار کر دیتے ہیں جن میں وہ خود پرفارم کر رہے ہوں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ تنقید کے باوجود اپنے انداز اور جدت کی بدولت لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اور یہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔