ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر ذاتی اے آئی چیٹ بوٹس بنانے کا فیچر متعارف

یہ چیٹ بوٹس صارف کی مقرر کردہ ترجیحات کے مطابق کام کریں گے

Web Desk

واٹس ایپ پر ذاتی اے آئی چیٹ بوٹس بنانے کا فیچر متعارف

یہ چیٹ بوٹس صارف کی مقرر کردہ ترجیحات کے مطابق کام کریں گے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

انسٹنٹ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ذاتی نوعیت کے یا اپنی پسند کے مصنوعی ذہانت (AI) چیٹ بوٹس تیار کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2025 میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ واٹس ایپ مستقبل قریب میں صارفین کو اپنی مرضی کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس تخلیق کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اب تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، اس فیچر پر ابتدائی طور پر محدود صارفین کو آزمائشی رسائی دے دی گئی ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، نئے فیچر کے تحت صارفین مختلف اقسام کے چیٹ بوٹس بنا سکیں گے، جنہیں وہ اپنی پسند کے نام، کردار اور کام (Tasks) بھی تفویض کر سکیں گے۔

یہ چیٹ بوٹس صارف کی مقرر کردہ ترجیحات کے مطابق کام کریں گے اور مخصوص موضوعات پر گفتگو یا معلومات فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔

مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف ’صحت‘ کے موضوع پر چیٹ بوٹ بنائے گا، تو وہ بوٹ صرف صحت سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔ اسی طرح، اگر کوئی بوٹ تفریح یا کھیل کے حوالے سے تخلیق کیا جائے گا، تو وہ متعلقہ معلومات اور گفتگو فراہم کرے گا۔

یہ چیٹ بوٹس بالکل اسی انداز میں کام کریں گے جیسے اس وقت واٹس ایپ میں موجود Meta AI Bot کام کرتا ہے۔

ابتدائی آزمائش کے کامیاب نتائج کے بعد، اس فیچر کو باقاعدہ طور پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا، اور بعد ازاں امکان ہے کہ میٹا اپنے دیگر پلیٹ فارمز، جیسے فیس بک اور انسٹاگرام، پر بھی یہ سہولت فراہم کرے گا۔