وائرل اسٹوریز

'لَو گرو' کا جذباتی گیت 'ٹوٹ گیا' سپر ہٹ قرار

Web Desk

'لَو گرو' کا جذباتی گیت 'ٹوٹ گیا' سپر ہٹ قرار

پاکستانی فلم 'لَو گرو' کا ٹوٹے دل کی کہانی سناتا جذباتی گیت 'ٹوٹ گیا' کی ویڈیو جاری کردی گئی۔

'لَو گرو' عید الاضحیٰ کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کی کامیابی کیلئے فلم کی پوری ٹیم پُر امید ہے۔

رومانوی کامیڈی فلم 'لَو گرو' نے اپنے دلچسپ ٹریلر اور شاندار کاسٹ سے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

فلم کے ہدایتکار ندیم بیگ ہیں جبکہ کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے۔ مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید شامل ہیں، جو فلم میں ایک خود ساختہ 'لو گرو' اور لندن میں رہنے والی آرکیٹیکٹ 'صوفیہ' کے درمیان ہونے والی دلچسپ کہانی بیان کریں گے۔

فلم کو اے آر وائے فلمز اور سِکس سگما پلس کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے جبکہ سلمان اقبال اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔ فلم کی شوٹنگ لندن اور کراچی میں کی گئی ہے۔

ماہرہ خان ان دنوں ہمایوں سعید کے ہمراہ اپنی نئی فلم 'لو گرو' کی پروموشن کے سلسلے میں دنیا بھر میں اپنے فینز سے ملتے نظر آرہے ہیں۔

فلم کی سینما گھروں میں نمائش سے قبل وقتاً فوقتاً گانے بھی ریلیز کیے جارہے ہیں پہلے پروموشنل سانگ ’آ تینوں موج کراواں’، پھر ٹائٹل سانگ ‘دل توڑن والیا‘ ، رومانٹک سانگ ’بے خبریاں’ اور پھر پشتو گیت 'صدا آشنا' جاری کیا گیا۔

اب فلم کا جذباتی گیت 'ٹوٹ گیا' ویڈیو سمیت ریلیز کیا گیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

اس گیت کو فرحان سعید، زین، زوہیب اور یشل شاہد نے اپنی مسحور کن آواز میں گا کر مزید سپر ہٹ بنا دیا ہے۔

گانے کے بول سعد سلطان اور طاہر عباس نے لکھے ہیں جبکہ اس کی کمپوزیشن، مکسنگ اور ماسٹرنگ کی ذمہ داری بھی سعد سلطان نے بھی نبھائی۔

گانے  کے علاوہ اس کی ویڈیو کو بھی فینز کی جانب سے بے انتہا پسند کیا جا رہا ہے جس میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی شاندار کیمسٹری جادوئی سماں باندھتی دکھ رہی ہے۔

اس گانے کا ایک حصہ فلم کے آفیشل ٹریلر میں بھی شامل کیا گیا تھا جس کو سننے کے بعد فینز پورے گانے کی ریلیز کے منتظر تھے۔

لَو گرو کا جذباتی گیت ٹوٹ گیا سپر ہٹ قرار

گانے کی ویڈیو پر فینز کی جانب سے ہونے والے تبصروں میں زیادہ تر تعریف ہی دیکھنے کو مل رہی ہے، ایک فینز نے لکھا کہ 'یہ گانا میلن ویوز کا مستحق ہے، بہت ہی شاندار کمپوزیشن اور ویڈیو ہے'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'ٹوٹ گیا نے دل کو چھو لیا ہے، مسحور کن آواز، زبردست میوزک اور شاندار ویڈیو، ہٹ ہے گانا'۔