جیا بچن ایک بار پھر فوٹوگرافرز پر بھڑک اٹھیں
سوشل میڈیا پر ان کی تازہ ویڈیو پر ملا جلا ردِعمل سامنے آرہا ہے
معروف بھارتی اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، جب انہوں نے پاپارازی (میڈیا فوٹوگرافرز) کو سرِ عام جھاڑ پلا دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینئر اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن اپنی بیٹی شویتا بچن کے ہمراہ ایک کار کی جانب جا رہی تھیں جب فوٹوگرافرز نے انہیں گھیر لیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیا بچن اور ان کی بیٹی شویتا، آنجہانی رونو مکھرجی کی تعزیتی تقریب میں شرکت کے بعد باہر آ رہی تھیں۔
وہ کار کا انتظار کر رہی تھیں کہ اس دوران فوٹوگرافرز نے انہیں گھیر کر تصاویر کھینچنا شروع کر دیں، اس دوران جیا بچن فون پر مصروف رہیں اور جونہی ان کی کال ختم ہوئی، انہوں نے کار کی طرف بڑھتے ہوئے جھنجھلاہٹ کے ساتھ فوٹوگرافرز سے طنزیہ انداز میں کہا کہ 'چلیے آپ لوگ بھی ساتھ میں'۔
جیا بچن، جو راجیہ سبھا کی رکن بھی ہیں، اپنی صاف گوئی اور بے باک انداز کے لیے جانی جاتی ہیں، وہ اکثر میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر دوستانہ رویہ اختیار کرتی نظر آتی ہیں اور کئی مواقع پر انہیں 'تمیز سے پیش آنے' کی تلقین کرتی دیکھی گئی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جیا بچن نے فوٹوگرافرز کو آڑے ہاتھوں لیا ہو، ماضی میں بھی متعدد مواقع پر انہوں نے میڈیا کے نامناسب رویے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کی تازہ ویڈیو کو لے کر ملا جلا ردِعمل سامنے آرہا ہے، کچھ لوگ ان کے رویے کو سخت اور غیر ضروری قرار دے رہے ہیں، تو کچھ صارفین ان کی صاف گوئی اور پرائیویسی کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیا بچن ہمیشہ سے ہی میڈیا کی حد سے بڑھتی مداخلت کے خلاف رہی ہیں، خاص طور پر جب معاملہ ذاتی لمحات گزارنے یا غم کی گھڑی منانے کا ہو تو میڈیا کو زیادہ محتاط رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
2 برس قبل اداکارہ نے مشہور ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کی فیشن فلم کے پریمیئر میں شرکت کے دوران فوٹو گرافرز کو اپنی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت بھی دیکر سب کو حیران کردیا تھا، اس دوران انہوں نے فوٹوگرافرز سے بات چیت کرکے یہ سمجھانے کی کوشش بھی کی تھی کہ وہ فوٹوگرافرز پر ناراض کیوں ہو جاتی ہیں۔
جیا بچن نے کہا تھا کہ دیکھو ابھی میں ہنس رہی ہوں، جب ایسا کوئی ایونٹ ہوتا ہے تو میں تصاویر بنوانے کے لیے تیار ہوتی ہوں لیکن جب کوئی نجی تقریب ہوتی ہے اور آپ لوگ خاموشی سے آکر تصویریں بناتے ہو تو مجھے اچھا نہیں لگتا۔
انہوں نے جاتے ہوئے اپنی تعریف کرنے والے ایک فوٹو گرافر کی رُک کر حوصلہ افزائی بھی کی تھی۔



