بالی وڈ کے 5 سپر اسٹارز کے آشیانوں پر ایک نظر
ممبئی میں’ منت ‘سے لیکر ’جلسہ ‘بالی وڈ اسٹارز کی پہچان کہلاتے ہیں
بالی ووڈ کے ستارے صرف پردہ اسکرین پر ہی نہیں چمکتے بلکہ لائف اسٹائل کے میدان میں بھی ان کا کوئی جواب نہیں۔
ان کے دلکش ملبوسات سے لے کر خوابناک گھروں تک ہر چیز میں شان و شوکت نظر آتی ہے، ان کے شاندار مکانات، چاہے سمندر کے کنارے واقع اپارٹمنٹس ہوں یا کسی پہاڑی مقام پر بنے ہوئے پُرسکون ولاز دیکھنے والوں کو دنگ کر دیتے ہیں اور ہر کوئی ان کے اندرونی نظاروں کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب رہتا ہے۔
ان کے گھروں کے شاندار اندرونی حصے انہیں صرف گھر نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی کی خوبصورت علامت بنا دیتے ہیں جہاں بسنے کا خواب ہر کوئی دیکھنا چاہتا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں وہ پانچ مہنگے ترین بالی ووڈ ستاروں کے گھر جو واقعی اپنی شہرت کے لائق ہیں۔
شاہ رخ خان کا گھر منت:
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا گھر یقیناً سب کے دلوں میں بس چکا ہے، ممبئی کا سفر ہو اور منت کا دیدار نہ کیا جائے تو جیسے کچھ ادھورا رہ گیا۔
شاہ رخ خان کا یہ شاندار سمندر کے کنارے واقع بنگلہ باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ علاقے میں موجود ہے، اس علاقے کی شہرت خود اس گھر کی وجہ سے بھی ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنے اس آشیانے کو ’منت‘ کا نام دیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 200 کروڑ روپے کے آس پاس بتائی جاتی ہے۔
یہ ایک 6 منزلہ عمارت ہے جس میں ذاتی تھیٹر، سوئمنگ پول، جِم، لائبریری، باکسنگ رنگ، انڈر گراؤنڈ پارکنگ اور دیگر کئی آسائشیں موجود ہیں۔
اس کی چھت بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، جہاں سے شاہ رخ خان اکثر اپنے مداحوں کو اپنی جھلک دکھاتے نظر آتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ منت دراصل پہلے ویلا ویانا کے نام سے جانا جاتا تھا، شاہ رخ خان نے اسے 2001 میں خریدا اور پھر اس کے پُرانے نام سے کوئی واقف نہیں رہا۔
امیتابھ بچن کا گھر جلسہ:
اس فہرست میں دوسرا نمبر بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے شاندار گھر جلسہ کا ہے، جو ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں واقع ہے۔
جوہو بیچ کے قریب موجود یہ بنگلہ اپنی شان و شوکت کے لیے مشہور ہے، ذرائع کے مطابق اس کی مالیت تقریباً 112 کروڑ روپے ہے۔
اس گھر کا اندرونی منظر نہایت شاہانہ اور دلکش ہے،دروازے کے قریب ایک خوبصورت باغیچہ ہے، جبکہ اندر دیواروں پر تصویری فن پارے، دیوی دیوتاؤں کی تصاویر، خاندانی تصاویر وغیرہ آویزاں ہیں جو اس جگہ کو نہایت دلکش بناتی ہیں۔
یہ بنگلہ بھی ایک دل کو چھو لینے والی کہانی رکھتا ہے، اسے فلم ’ستے پہ ستہ‘ میں شاندار اداکاری پر ہدایتکار رمیش سپی نے بطور تحفہ امیتابھ کو دیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امیتابھ بچن کا پہلا گھر جلسہ سے صرف 11 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
رنبیر کپور کا گھر واستو:
اداکار رنبیر کپور اب اپنے نئے آشیانے ’کرشناراج ‘ میں منتقل ہونے کی تیاری کررہے ہیں جو ایک شاندار اور جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے، اس کی مالیت بھی ڈھائی سو کروڑ کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔
رنبیر اور عالیہ کا موجودہ گھر ممبئی کے باندرہ کے پالی ہِل علاقے میں واقع ہے، یہ ایک 12 منزلہ اپارٹمنٹ عمارت ہے، جس کی ساتویں منزل پر وہ رہائش پذیر ہیں،ان کے گھر کا نام واستو ہے اور اس کی مالیت تقریباً 35 کروڑ روپے ہے۔
واسْتو کی اندرونی سجاوٹ جدید انداز میں کی گئی ہےجس میں سفید، سیاہ اور بھورے رنگوں کا امتزاج ہے۔
ان کے گھر میں کشادہ ڈرائنگ روم، دو کار پارکنگ ایریاز اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔
ایک دیوار پر رنبیر کے دادا، مرحوم راج کپور کی ایک بڑی تصویر آویزاں ہے۔
اسی گھر میں رنبیر اور عالیہ کی شادی بھی انجام پائی جس میں قریبی عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
اکشے کمار کا سمندر کنارے ڈوپلیکس:
اداکار اکشے کمار کا خوبصورت، سمندر کے کنارے واقع ڈوپلیکس گھر ممبئی کے جوہو علاقے میں پرائم بیچ پر واقع ہے، اس کی قیمت تقریباً 80 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ گھر ایک دلکش سمندری منظر، جم، سوئمنگ پول، ہوم تھیٹر، چھت پر باغیچہ اور سرسبز لان پر مشتمل ہے۔
سلمان خان کا گلیکسی اپارٹمنٹ:
بالی وڈ کے دبنگ سلمان خان باندرہ ویسٹ کے پرتعیش علاقے میں واقع گیلیکسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔
اس عمارت کی مجموعی مالیت تقریباً 100 کروڑ روپے ہے، ان کے والد سلیم خان اور دیگر خاندانی افراد بھی اسی عمارت میں رہتے ہیں۔
یہ گھر اگرچہ سادہ طرزِ تعمیر کا حامل ہے لیکن اندر سے کافی کشادہ ہے، اس میں ’ایل‘ شکل کا ڈرائنگ اور ڈائننگ ایریا، جِم، پول اور ایک بلٹ پروف بالکنی موجود ہے جہاں سے سلمان خان اکثر اپنے چاہنے والوں کو ہاتھ ہلاتے دکھائی دیتے ہیں۔
اگرچہ ان کے پاس باندرہ میں ایک جدید ٹرپلیکس اور پنویل میں ایک فارم ہاؤس بھی موجود ہے مگر سلمان خان کا جذباتی رشتہ گیلیکسی اپارٹمنٹ سے اتنا مضبوط ہے کہ وہ آج تک وہاں سے مستقل طور پر نہیں نکلے۔
بالی ووڈ کے ان ستاروں کے گھر نہ صرف تعیش و زیبائش کی اعلیٰ مثالیں ہیں بلکہ ان کی شخصیت اور اندازِ زندگی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
آج کے دور میں جب سوشل میڈیا پر گھروں کی سجاوٹ ایک نیا فیشن بن چکی ہے، ان مشہور ہستیوں کے مکانات اپنی خوبصورتی اور دلکشی کی وجہ سے سب پر بازی لے جاتے ہیں۔
چاہے وہ دیدہ زیب فرنیچر ہو، فن پارے ہوں یا شان دار منظرنامہ، یہ گھر واقعی کسی بھی ہوم ڈیکور کے شوقین کے لیے باعثِ حیرت ہیں۔





