’میٹرو۔۔۔ اِن دنوں‘ کے ٹریلر نے مداحوں کو سحر میں جکڑلیا
فلم 4 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی
معروف بھارتی ڈائریکٹر انوراگ باسو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'میٹرو۔۔۔ اِن دنوں' طویل انتظار کے بعد بالآخر4 جولائی 2025 کو ریلیز کے لیے تیار ہے۔
فلم کی ریلیز کئی بار ملتوی ہوئی، جس کے بعد اب ناظرین کو اس کا ٹریلر دیکھنے کا موقع ملا ہے، جسے سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل مل رہا ہے۔
یہ فلم 2007 کی مشہور فلم 'لائف اِن اے میٹرو' کا 'اسپریچوئل سیکوئل' قرار دی جا رہی ہے، جس میں محبت، تنہائی، تعلقات کی الجھنوں اور جدید دور کے رشتوں کی پیچیدگیوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں بولی وُڈ کے کئی بڑے نام شامل ہیں جن میں ادیتیہ رائے کپور، سارہ علی خان، علی فضل، فاطمہ ثنا شیخ، کونکنا سین شرما، پنکج تریپاٹھی، نینا گپتا، انوپم کھیر اور ساسوتا چیٹرجی شامل ہیں۔
ٹریلر کا آغاز ادیتیہ رائے کپور اور سارہ علی خان کے ایک ٹیکسی سفر سے ہوتا ہے، دونوں صرف دوست ہوتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ان کے درمیان محبت جنم لیتی ہے۔
اس کے بعد دیگر کرداروں کی کہانیاں سامنے آتی ہیں، جو ماضی کی تلخیوں اور حال کے چیلنجز سے گزر رہے ہیں۔
ٹریلر میں ادیتیہ اور سارہ کے کرداروں کے درمیان ایک پیچیدہ 'سیچوئیشن شپ' دکھائی گئی ہے جبکہ علی فضل اور فاطمہ ثنا شیخ کی محبت اس وقت آزمائش میں پڑ جاتی ہے جب غیرمتوقع حمل (unexpected pregnancy) کی خبر دونوں پر پہاڑ بن کر ٹوٹ پڑتی ہے۔
علاوہ ازیں ٹریلر میں نینا گپتا اور انوپم کھیر کے درمیان بڑھاپے کی محبت پنپتی نظر آتی ہے جبکہ پنکج تریپاٹھی اور کونکنا سین شرما کے کردار اپنی ازدواجی کشمکش میں الجھے دکھائی دیتے ہیں۔
فلم کا بیک گراؤنڈ میوزک معروف موسیقار پریتم نے ترتیب دیا ہے، جنہوں نے 2007 کی فلم 'لائف ان اے میٹرو' میں بھی اپنی دھنوں سے جادو جگایا تھا۔
اگرچہ ٹریلر میں فلم کی موسیقی کو مکمل طور پر پیش نہیں کیا گیا، لیکن ایک جھلک نے ہی شائقین کو مزید سننے کے لیے بے تاب کر دیا ہے۔
فلم کے ٹریلر نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی ہے، صارفین مختلف جوڑوں کی کہانیوں کو دیکھ کر جذباتی وابستگی اور فلم کے موضوع سے ذاتی انسیت ظاہر کر رہے ہیں۔
کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فلم 'میٹرو۔۔۔ اِن دنوں' موجودہ دور کے رشتوں کی عکاسی کرتی ہے، جہاں محبت، تنہائی، جدائی اور قبولیت سمیت تمام کیفیات کی ایک ساتھ منظرکشی کی گئی ہے۔
فلمی شائقین بےصبری سے 4 جولائی کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ سنیما گھروں میں ان کہانیوں کو بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں۔




