کیا عامر خان کی ‘PK 2’ بننے جارہی ہے؟
عامر خان کم از کم 10 اسکرپٹس پر تخلیقی مشاورت کر چکے تھے۔
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان جو ان دنوں اپنی انتہائی منتظر فلم ’ستارے زمین پر’ کی ریلیز کی تیاری کررہے ہیں وہیں سال 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پی کے’ کے سیکوئل سے متعلق بھی شور اٹھنا شروع ہوگیا ہے۔
عامر خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے قابلِ قدر اور معتبر اداکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دیں اور آج بھی سینما گھروں کو اپنی فنی صلاحیتوں سے مالا مال کرتے نظر آرہے ہیں۔
انکے کریڈٹ میں قیامت سے قیامت تک، جو جیتا وہی سکندر، انداز اپنا اپنا، سر فروش، دل چاہتا ہے، لگان، تارے زمین پر، گجنی، تھری ایڈیٹس، پی کے اور دنگل جیسی فلمیں شامل ہیں جبکہ ان دنوں وہ اپنی اگلی فلم ‘ستارے زمین پر‘ کی ریلیز کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں جو 20 جون کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
اس سے قبل عامر خان راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دادا صاحب پھالکے’ کی بائیوپک کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے ساتھ ساتھ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ عامر خان نے اس اگلی فلم کو فائنل کرنے سے پہلے کم از کم 10 اسکرپٹس پر تخلیقی مشاورت کی ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق انکے پاس کامیڈی فینٹیسی فلم ’پی کے’ کے سیکوئل کیلئے بھی آئیڈیا موجود ہے جس پر راجکمار ہیرانی، ابھیجت جوشی اور عامر خان تینوں ہی پرجوش ہیں، اور وہ اس منصوبے کو ’دادا صاحب پھالکے’ کے بائیوپک کے بعد دوبارہ زیر غور لائیں گے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ’دادا صاحب پھالکے’ کی بائیوپک بنانے کا خواب عامر خان اور راجکمار ہیرانی نے عرصہ پہلے دیکھا تھا جس پر کام جاری ہے اور جب راجکمار اس بائیوپک پر کام میں مصروف تھے تو عامر خان بھی فارغ نہیں بیٹھے اور ایک ساتھ کئی اسکرپٹس کی تیاری میں تخلیقی طور پر شریک رہے۔
ان میں ’چار دن کی زندگی’ اور ’انداز اپنا اپنا 2’، دنیش وجن کے ساتھ اجول نکم کی بائیوپک، انوراگ باسو کی ہدایت میں ’کشور کمار’ پر فلم، اور راکیش اوم پرکاش مہرا کے ساتھ ایک منصوبہ شامل ہیں۔’
ساتھ ساتھ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ عامر خان نے ہدایتکار توشار ہیرانندانی اور بھوشن کمار کے ساتھ ’گُلشن کمار’ کی بائیوپک پر بھی تفصیلی بات چیت کی ہے اور تمام تر ناموں کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ تمام پرجیکٹس مستقبل میں ممکن ہیں۔
علاوہ ازیں ’پی کے 2’ کے لیے ایک دلچسپ کہانی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے، جو اس فرنچائز میں رنبیر کپور کی انٹری کا آغاز بھی ہو سکتا ہے تاہم ابھی یہ منصوبہ آغاز سے کافی دور ہے۔



