ماورا حسین UNHCR کے ساتھ فلاحی کاموں میں مصروف عمل
اداکارہ نے دن کی مصروفات کا احوال سنا دیا۔
پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی اداکارہ ماورا حسین نے اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کےساتھ مل کر فلاحی کاموں میں حصہ لینے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماورا حسین نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں ہری پور خیبرپختونخوا میں موجود فلاحی ادارے میں معصوم مہاجرین بچوں کیساتھ وقت گزارتے اور انکے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے دیکھا گیا۔
ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اس مہم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کمنٹ سیکشن میں بتایا کہ یہ ایک انتہائی پُراثر اور دل کو چھو لینے والا دن تھا’۔
اداکارہ نے ’یو این ایچ سی آر پاکستان’ کا شکریہ ادا کیا اور مزید لکھا کہ،‘آپ کی ان تھک کاوشوں کے لیے جو آپ پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لیے کر رہے ہیں۔میری سب سے گزارش ہے کہ اُن تمام لوگوں کے ساتھ مہربانی سے پیش آئیں جنہیں ان کے گھروں سے نکالا گیا ہے’۔
اداکارہ لکھتی ہیں کہ،‘ یہ صرف اعداد و شمار نہیں جو ہماری کتابوں میں نظر آتے ہیں بلکہ یہ انسان ہیں اور ہر ایک کی اپنی زندگی ہے، خواب ہیں، اُمیدیں ہیں اور یہ سب بہت قیمتی ہیں۔’
اداکارہ نے مزید لکھا کہ،’دعا ہے ہم ہمیشہ اُن کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا سبب بنیں، دعا ہے ہم اُنہیں کسی بوجھ کی طرح نہیں بلکہ ایک باحقوق فرد کے طور پر دیکھیں، دعا ہے ہم اُنہیں اُمید سے دیکھیں، اُن کی طاقت کا اعتراف کریں صرف ہمدردی تک محدود نہ رہیں’۔
کیپشن کا اختتام ماورا حسین نے اسطرح کیا کہ،’میرے لیے یہ ایک بہت بڑا دن تھا اُنہوں نے مجھے ایک نئی زندگی دی ایسی زندگی جس میں میں پہلے سے زیادہ شکر گزار ہوں مجھے اُمید ہے کہ میں نے بھی اُنہیں کچھ دیا ہوگا محبت، اُمید، گلے جو کچھ بھی وہ ان چمکتے ہوئے خوبصورت آنکھوں سے مجھ سے چاہتے تھے۔اس موقع کے لیے مجھے قابل سمجھنے والی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ، میں اسے ہمیشہ فخر کے بیج کی طرح سینے پر سجا کر رکھوں گی’۔
یاد رہے کہ ماورا حسین کو پاکستانی انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل ہے جو انہوں نے اپنی لازوال اداکاری کے بل بوتے پر پایا۔’آنگن‘ ، ’ثبات‘ ، ’نوروز‘ ، ’ایک تمنا لاحاصل سی‘ 'جفا' اور ’داسی‘ ان کے سپر ہٹ ڈرامے ہیں جو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیے گئے۔
سال 2025 ماورا حسین کی نجی زندگی کے لیے بہت خاص ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کی محبت امیر گیلانی سے شادی کرلی۔



