رنبیر کپور کا ’انیمل‘ لُک کسے پسند نہیں آیا تھا؟
انیمل میں رنبیر کپور نے لمبے بالوں اور گھنی داڑھی کا لُک اپنایا تھا
رنبیر کپور کا فلم ’انیمل‘ میں گھنی داڑھی اور لمبے بالوں والا لُک دیکھنے والوں کو خوب بھایا تھا لیکن ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا رنبیر کپور کے اس لُک سے مطمئن نہیں تھے۔
مشہور ہیئر اسٹائلسٹ علیم حکیم نےایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا ابتدا میں اس لک سے مطمئن نہیں تھے کیونکہ یہ لک انہیں’ سنجو‘ جیسا محسوس ہو رہا تھا۔
انٹرویو میں علیم نے بتایا کہ اگر رنبیر کے لمبے بال اور داڑھی نہ ہوتی تو میرے خیال میں ’انیمل‘ میں ان کا کردار اتنا اثر انگیز نہ ہوتا، ان کے کردار کا لُک تیار کرنے میں کافی وقت لگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وانگا سر شروع میں کہتے تھے کہ یہ لمبے بال کام نہیں کر رہے، وہ’ سنجو‘ جیسے لگ رہے ہیں، جیسے وہ سنجے دت کی بایوپک میں نظر آئے تھے،
مجھے انہیں قائل کرنا پڑا کہ جب مکمل لُک سامنے آئے گا تو وہ بالکل مختلف نظر آئیں گے۔
فلم اینمل کے بارے میں
اینمل کی کہانی رنویجے سنگھ کے گرد گھومتی ہے، جو اس وقت قہر بن جاتا ہے جب اس کے والد بلبیر سنگھ (انیل کپور) کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
وہ کئی دشمنوں سے نمٹتا ہے اور آخر کار اپنے بچھڑے ہوئے کزن ابرار حق (بوبی دیول) سے مقابلہ کرتا ہے۔
راشمیکا مندانا نے رنوجے کی بیوی گیتانجلی کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ ترپتی دمری اس کی محبوبہ زویا کے کردار میں نظر آتی ہیں۔
فلم ایک سنسنی خیز کلائمیکس پر ختم ہوتی ہے جو کہ سیکوئل’ اینمل پارک‘ کے لیے ایک نئی کہانی اور ولن کی جھلک دکھاتی ہے۔
فلم کو سندیپ کی پچھلی فلموں کی طرح، خواتین مخالف رویے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود یہ فلم شاندار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور دنیا بھر میں 915 کروڑ کا بزنس کیا۔
رنبیر کپور اور سندیپ ریڈی وانگا کے آئندہ پراجیکٹس
2023 کی دو فلموں’ تو جھوٹی میں مکار‘ اور’ اینمل‘ کے بعد رنبیر اس وقت سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’ لو اینڈ وار‘ اور نتیش تیواری کی ہدایتکاری میں’ رامائن‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
ادھر سندیپ ریڈی وانگا اگلا پروجیکٹ’ اسپِرٹ‘ بنا رہے ہیں، جس میں پربھاس مرکزی کردار میں ہوں گے۔ یہ ایک پولیس ڈرامہ ہوگا، جس کی شوٹنگ رواں سال شروع ہونے والی ہے۔
ابتدائی طور پر دیپیکا پڈوکون کو مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے معاوضے اور کام کے اوقات سے متعلق مسائل کے باعث انکار کر دیا، جس کے بعد ان کی جگہ ترپتی دمری کو لے لیا گیا۔




