عید الاضحیٰ پر نشر ہونے والی ٹیلی فلمز کونسی؟
تو پھر پاپ کارن ریڈی کریں اور اسکرین سے جڑنے کی تیاری پکڑ لیں
بڑی عید کی آمد آمد ہے اور اس سے قبل جہاں قربانی کیلئے جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے وہیں خواتین اور بچے بھی عید کی تیاریوں میں پیش پیش ہیں۔
کیونکہ عید کے دن قربانی اور دعوتوں سے فارغ ہونے کے بعد تھکن دور کرنے کیلئے پھر عموماً لوگ کوئی نہ کوئی سرگرمی تلاش کرتے ہیں، ایسے میں زیادہ تر ٹیلی ویژن اسکرین سے جڑنا لوگ پسند کرتے ہیں جس پر عید اسپیشل نشریات اور ٹیلی فلمز نشر کی جاتی ہیں۔
تو پھر دیر کس بات کی ہر بار کی طرح اس بار بھی پاپ کارن تیار کرلیں کیونکہ تقریباً ہر انٹرٹینمنٹ چینل پر عید اسپیشل ٹیلی فلمز آپ کے انتظار میں موجود ہونگی۔
سیّاں تھانیدار:
شامل کرتے ہیں اس فہرست کی پہلی ٹیلی فلم ’سیاں تھانیدار’ کی جس میں اداکار علی انصاری اور انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی مرکزی کردار میں اپنی آن اسکرین کیمسٹری سے خوب رونق لگانے والے ہیں۔
حالانکہ سحر ہاشمی کو ان دنوں ڈراما ’من مست ملنگ’ میں دانش تیمور کیساتھ رومانوی مناظر فلمانے پر خاصا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم اسی کیساتھ ڈراما شائقین انہیں ایک مزاحیہ کردار میں دیکھنے کیلئے انتہائی منتظر ہیں جو اس عید الاضحیٰ پر ٹیلی ویژن اسکرین کی زینت بنے گا۔
ٹیلی فلم ’سیاں تھانیدار’ کو کاشف سلیم نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ کہانی خرم عباس نے لکھی ہے جو ایک پولیس افیسر کی کامیڈی کہانی کا احاطہ کرتی ہے۔
بیچارہ دل:
عائزہ اعوان اور شہزاد شیخ کی مزاحیہ کیمسٹری پر مبنی گرین انٹرٹیمنٹ کا ایک اور شاہکار ‘بےچارہ دل‘ بھی عید الاضحیٰ کی رونقوں کو چار چاند لگانے والا ہے۔
اس تفریحی ٹیلی فلم کی کہانی عدیل رزاق نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایتکاری زید صفدر سندھو نے کی ہے، یہ ایک ہلکی پھلکی اور مزاحیہ کہانی ہے جو ناظرین کو بہترین تفریح فراہم کرے گی۔
یہ بہو نہیں چلے گی:
نام ہی کچھ ایسا ہی جسے دیکھ کا اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں کہ یہ کہانی روایتی ساس بہو کی نفسیات کو بیان کرے گی۔
اس ٹیلی فلم میں اداکار منیب بٹ کیساتھ کوئی اور نہیں بلکہ وہی ’من مست ملنگ’ کی اداکارہ سحر ہاشمی ہونگی جو اپنی مزاح سے بھرپور شخصیت کیساتھ لوگوں کے چہروں ہر قہقہوں کا طوفان لائیں گی۔
اس ٹیلی فلم کی دیگر تفصیلات کی بات کریں تو اسے صبا حسن نے تحریر کیا ہے، اس سے قبل یہ جوڑی ٹیلی فلم ’وائرل ابا’ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکی ہے جو عید الفطر پر نشر ہوئی تھی۔ یہ ان کا دوسرا پروجیکٹ ہے۔
محبت کے مارے:
رومانوی کہانی پیش کرتی ایک اور ٹیلی فلم ‘محبت کے مارے‘ بھی آن ٹی وی پر نشر ہوگی جو عید کے دن ناظرین کی تمام تر تھکان کو دور بھگائے گی۔
اس ٹیلی فلم میں نامور ٹک ٹاکر اور ڈیجیٹل کریئیٹرز ڈاکٹر مدیحہ اور ایم جے احسن شامل ہیں، جب کہ مشہور ٹک ٹاکر ایمن زمان اور افراز رسول بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
اس مزاحیہ رومانوی کہانی کو سورج بابا نے تحریر کیا ہے اور ہدایتکاری سید آشان نے کی ہے۔
عشق کا بھانڈا پھوٹے نہ:
حارث وحید، زباب رانا، فضیلہ قاضی، راشد فاروقی، سلیم معراج اور نادیہ افغان جیسی شاندار کاسٹ پر مبنی عید اسپیشل ٹیلی فلم ’عشق کا بھانڈا پھوٹے نہ’ بھی اس عید پر ٹیلی ویژن اسکرین کی زینت بنے گا۔
اور پھر جب اتنی بہترین کاسٹ ہوتو کیسے نہ بھلا کوئی پراجیکٹس سپر ہٹ ہو؟ یہی وجہ ہے کہ اس ٹیلی فلمز سے بھی ڈراما شائقین کی امیدیں بندھی ہوئی ہیں۔
بات کریں ٹیلی فلم کی دیگر تفصیلات کی تو اسکے ہدایتکار عدنان سرور ہیں جنہوں نے اس سے قبل فلمز ’شاہ’ اور ’دی موٹرسائیکل گرل’ جیسے پروجیکٹس کیے ہیں۔جبکہ اس پراجیکٹ کی تحریر حسن امام نے کی ہے جسکے لیے شائقین بے صبری سے منتظر ہیں۔
گھوسٹ میری دوست:
بظاہر نام سے ہارر معلوم ہوتی کامیڈی ٹیلی فلم ‘گھوسٹ میری دوست‘ بھی ایکسپریس ٹی وی پر عید کے پہلے دن رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔ اس کامیڈی فلم کی کاسٹ میں امر خان، سحر ہاشمی، سہیل سمیع، ارسلان بٹ اور عائشہ گل شامل ہیں۔
جبکہ اسے منصور سعید نے لکھا ہے اور محسن طلعت نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ حالانکہ فی الحال اس ٹیلی فلمز کے پروموز جاری ہوئے ہیں لیکن اسے دیکھ کر اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں کہ فلم کی کہانی بھی اسی طرح دلچسپ ہونے والی ہے۔
جینے کی آرزو:
اور اس فہرست میں ایک اور مزیدار ٹیلی فلم ‘جینے کی آرزو‘ بھی شامل ہے جو اس بڑی عید پرگھر گھر رونقیں اور مسکراہٹیں بکھیرنے والی ہے۔
اس ٹیلی فلم کو کنول چوہدری نے تحریر کیا ہے اور ہدایتکار کاشف زمان خان ہیں۔ کاسٹ میں لائبہ خان، اسد محمود، کائنات عباسی اور مریم جعفری شامل ہیں ، تاہم اس ٹیلی فلم کی مزید تفصیلات کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔
اے ون ٹریولز:
سننے میں جتنا دلچسپ ہے دیکھنے میں بھی اتنا ہی دلچسپ ہونے والا ہے، یہ ایک ایسی کامیڈی ٹیلی فلم ہے جو اس عید پر آپ کو اسکرینز سے جڑنے پر مجبور کردے گی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والی اس ٹیلی فلم کی ہدایت کاری فجر رضا نے کی ہے جبکہ کاسٹ میں نمیر خان، حنا آفریدی، نظر الحسن، ایاز سمو اور دیگر شامل ہیں۔
