عامر نے 'ستارے زمین پر' کو OTT کو کیوں نہیں بیچا؟
اداکار نے بتایا ہے کہ فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا۔
بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان ستارے زمین پر کے ساتھ تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس فلم کے ڈیجیٹل حقوق کسی بھی اسٹریمنگ پلیٹ فارم کو فروخت نہیں کیے جائیں گے، اس کے بجائے عامر یہ اسپورٹس ڈرامہ یوٹیوب پر ریلیز کریں گے جس تک رسائی کے لیے ناظرین کو 100 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
جہاں فلم کو یوٹیوب پر اپلوڈ کرنے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی وہیں ساتھ ہی اس کا غلط مطلب بھی نکلا۔
کچھ سوشل میڈیا پیجز نے قیاس کیا کہ ستارے زمین پر کو سینما گھروں میں نہیں بلکہ براہ راست یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا۔
اب صحافیوں کے ساتھ ایک گروپ کی بات چیت کے دوران عامر خان سے اس بارے میں سوال کیا گیا۔
جس پر انہوں نے یہ کہتے ہوئے آغاز کیا کہ 'یہ ایک الجھن ہے اور میں واضح کرنا چاہتا ہوں، یہ فلم صرف تھیٹرز میں ریلیز ہو رہی ہے، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ بہت ساری تھیوریز گردش کر رہی ہیں، میں نے انہیں بھی پڑھا ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے، یہ صرف اور صرف سینما گھروں میں آئے گی۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ریلیز کے بعد کیا ہوگا اس کا مجھے بالکل اندازہ نہیں ہے، میں آپ کے ساتھ 100 فیصد ایمانداری سے بات کررہا ہوں، بہت ساری پیشکشیں اور تجاویز آئیں اور میں نے سب کو 'نہیں' کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے سب کو نہیں کہنے کی وجہ یہ ہے کہ میں سنیما کا ماننے والا ہوں، میں آج جو کچھ بھی ہوں سنیما کی وجہ سے ہوں، میں یہاں اس پوزیشن پر بیٹھا ہوں کیونکہ لوگوں نے میری فلم تھیٹرز میں دیکھی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ 'میں ایک وفادار شخص ہوں، ہو سکتا ہے کہ میں بیوقوف ہوں شاید میں حماقت کر رہا ہوں، ہوسکتا ہے او ٹی ٹی حقوق فروخت نہ کر کے میں ایک بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کر رہا ہوں اور اس سے بہت بڑا مالی نقصان ہو سکتا ہے، واہ آپ دیکھیں گے بعد میں۔
عامر خان نے مزید کہا کہ' اس وقت، میں صرف ایک کام کرنا چاہتا ہوں، اور وہ ہے تھیٹر کے کاروبار کو بحال کرنا جو ہر گزرتی فلم کے ساتھ نیچے جا رہا ہے، میں سینما گھروں پر یقین رکھتا ہوں اور مجھے اپنے ناظرین پر بھروسہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آج کے دور میں کوئی بھی پروڈیوسر اس وقت تک کوئی فلم شروع نہیں کرے گا جب تک کہ وہ او ٹی ٹی کے حقوق فروخت نہ کردے، اگر میں غلط ہوں تو مجھے درست کریں۔ جب تک او ٹی ٹی پر فروخت نہیں ہوتی وہ فلم اس وقت تک گرین لائٹ نہیں ہوتی'۔
عامر نے کہا کہ میں واحد پروڈیوسر ہوں جس نے او ٹی ٹی حقوق فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے، میں فلم صرف سینما گھروں میں ریلیز کررہا ہوں کیوں کہ میں تھیٹر سیکٹر کو مضبوط کرنا چاہتا ہوں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میری فلمیں 2-3 سال میں ایک بار آتی ہیں اور اکثر برے وقت پر آتی ہیں، میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں، آج کل ایکشن فلمیں بہت زیادہ چلتی ہیں، بہت سے لوگوں نے مجھے ایکشن فلم کرنے کو کہا، اگر میں چاہتا تو ایک ایکشن فلم کر سکتا تھا'
بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر میں چاہتا تو ایکشن فلم کر سکتا تھا لیکن میں صرف یہ فلم کرنا چاہتا تھا کیونکہ یہ کہانی میرے خون کے اندر گھس گئی تھی، اس لیے میں بھی پریشان ہو جاتا ہوں کیونکہ سب ایکشن دیکھنا چاہ رہے ہیں اور یہ سوچ کر کہ پتا نہیں میری کون سی فلم آ رہی ہے! کیا لوگ دلچسپی لیں گے؟'
2 جون کو تارے زمین پر کے فین میٹ اپ کے دوران عامر خان نے ایک اور مثال دیتے ہوئے کہا کہ 'میں نے گجنی (2008) کے نام سے ایک فلم بنائی تھی، آپ لوگوں نے سوچا ہوگا کہ چونکہ یہ مرکزی دھارے کی فلم ہے، اس لیے اس کے کامیاب ہونے کی امید تھی لیکن ایسا نہیں تھا، اس وقت پر ایکشن فلمیں نہیں چل رہی تھی، مجھے بتایا گیا کہ 'ایکشن فلم کا دور 2-3 سال پہلے ختم ہوچکا ہے اور تمہاری ایکشن فلم اب آرہی ہے۔
ستارے زمین پر 20 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔





