'وقوف عرفہ' کی ادائیگی کے بعد حجاج مزدلفہ پہنچ گئے
عازمین نےمیدانِ عرفات میں جمع ہو کر حج کا رکنِ اعظم آج ادا کردیا۔

سعودی عرب میں 9 ذوالحج کے ساتھ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرلیا گیا جس کے بعد اب لاکھوں عازمین مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔
عازمین نے منٰی میں رات گزارنے کے بعد میدان عرفات کا رخ کیا اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنا جبکہ رب کے حضور مغفرت، رحمت اور مظلوموں کیلئے دعائیں مانگیں۔
خطبہ حج
مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے مسجدالحرام کے امام شیخ ڈاکٹرصالح بن عبد اللہ نے کہا اللہ تعالیٰ نے فرمایا شیطان تمھارا کھلا دشمن ہے اس سے دور رہو، اللہ نے نیکی کرنے اور برائی سے دور کا حکم دیا۔
ڈاکٹرصالح بن عبد اللہ نے حج کا خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، تقویٰ دنیا و آخرت کی بھلائی کا سبب ہے، حیا ایمان کی شاخ ہے، والدین سے ہمیشہ صلہ رحمی سے پیش آؤ اور کثرت سے گناہوں کی معافی مانگو، اللہ نے جنب کی طلب کرو اور جہنم سے نجات طلب کرو۔
امام کعبہ نے خطبہ حج میں فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا اےاللہ، فلسطین میں ہمارے بھائیوں کا خیال رکھ، ہمارے فلسطینی بھائیوں کی بھوک، مصائب اور تکالیف کا خاتمہ فرما، اے اللہ، فلسطین کے بےگھروں کو آسرا دے، انہیں امن عطاکر، دشمنوں کے شر سے نجات دے، اے اللہ ، فلسطین میں ہمارے بھائیوں کو دشمن پر غالب فرما۔ اے اللہ، مسلمانوں کے حکمرانوں کو بھلائی کی توفیق دے، انہیں ہدایت اور تقویٰ عطا فرما۔
مزدلفہ روانگی اور رمی
عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفہ میں حجاج نے اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں کی اور سورج غروب ہونے کے ساتھ نماز مغرب ادا کیے بغیر حاجی مزدلفہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں پر مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی ادا کریں گے۔
حجاج آج شب مزدلفہ میں بسر کرنے کے بعد فجرکی نماز ادا کرنے کے فوری بعد وادی منی کی جانب روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے یعنی رمی کرنے اور حج کی قربانی کرنے کے بعد حلق (سر مونڈھنا) کروا کر احرام کھول دیں گے۔
11 ذوالحج کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کے لیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد وہ صفا مروہ کی سعی کریں گے۔
12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، 13 ذوالحج کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔
حج کا فریضہ مکمل کرنے کے بعد کچھ حاجی طواف الوداع کرکے اپنے وطن اور کچھ روضہ رسول ؐ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ چلے جائیں گے۔
حج ایسا مقدس فریضہ ہے جسے مسلمانوں پر زندگی میں ایک بار پورا کرنا فرض قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں، جس کے لیے انتظامات کو بہتر بنانے اور مسلسل لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 40 مختلف حکومتی ادارے اور 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افسران و اہلکار مختلف فرائض کے انجام دہی میں مصروف ہیں۔
-
فلم / ٹی وی 19 منٹ پہلے
کاجول 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے سیکوئل پر بول پڑیں
-
وائرل اسٹوریز 42 منٹ پہلے
بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین
-
بالی ووڈ 58 منٹ پہلے
عامر نے مہابھارت کے بعد ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیدی
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
عاصم اور میرب کے ایک ساتھ آخری لمحات توجہ کا مرکز