پہلی ناکام فلم کے بعد اہان شیٹی کس فلم سے واپسی کررہے ہیں؟
اداکار نے ڈیبیو فلم کی ناکامی کے بعد اگلی فلم کیلئے خاصہ وقفہ لیا۔
کوئی بھی پیدائشی اداکار نہیں ہوتا اور اداکاری ایک ایسی مہارت ہے جو صرف وقت کے ساتھ بہتر سے بہتر ہوتی جاتی ہے! ہندی فلم انڈسٹری نے گزرتے برسوں میں کئی اداکاروں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے دیکھا ہے۔
جب کہ کچھ اپنے کام کا سلسلہ جاری رکھے رہتے ہیں تو کچھ ایک مختلف طریقہ اپناتے ہیں اور کسی مضبوط پروجیکٹ کی پیشکش کا انتظار کرتے ہیں۔
اور یہی معاملہ ایک ابھرتے ہوئے اداکار کا ہے، جو بالی وڈ کی ایک مشہور شخصیت کا بیٹا ہے لیکن اب تک فلمی دنیا میں اپنا مضبوط نام نہیں بناسکا۔
کیا آپ اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں؟ یہاں ہم اداکار سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی کی بات کر رہے ہیں۔
اہان شیٹی 28 دسمبر 1995 کو سنیل شیٹی اور مانا شیٹی کے گھر پیدا ہوئے، ان کی بڑی بہن آتھیا شیٹی نے کچھ فلموں کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ لائم لائٹ سے دور ایک پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔
اہان شیٹی نے ابتدائی تعلیم ممبئی میں حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے امریکہ کی ایک معروف فلم اکیڈمی سے اداکاری کی تربیت حاصل کی۔ وہ نہ صرف ایک اچھے اداکار بننے کی خواہش رکھتے ہیں بلکہ وہ فلم سازی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور مستقبل میں بطور پروڈیوسر بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اہان کی بات کی جائے تو وہ اسپورٹس سے بھرپور محبت رکھنے والے فرد ہیں، ان کے سوشل میڈیا پر موجود تصاویر اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ فٹبال، شوٹنگ اور ٹینس جیسے کھیلوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ باقاعدہ جم سیشنز کے ذریعے اپنی فزیک کو مینٹین رکھتے ہیں، اور ان کے ورک آؤٹ سیشنز کی تصاویر بھی مداحوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔
اب بات کی جائے اہان کے کریئر کی تو انہوں نے رومانوی ایکشن ڈرامہ فلم ٹڈاپ (2021) سے اپنا فلمی ڈیبیو کیا۔
میلان لوتھریا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں تارا سوتاریا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم کو ایک ہٹ تیلگو فلم RX 100 کا ریمیک قرار دیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے یہ باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکی، اور بری طرح فلاپ ہوگئی۔
'پہلی فلم کی ناکامی کے بعد اہان نے کوئی پروجیکٹ سائن نہیں کیا لیکن اب، وہ سب سے زیادہ متوقع فلموں میں سے ایک، بارڈر 2 میں جلد نظر آنے والے ہیں۔
اداکار بلاک بسٹر فلم بارڈر کے سیکوئل میں سنی دیول کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔
انوراگ سنگھ کی ہدایتکاری میں فلم کی آنے والی قسط میں ورون دھون اور دلجیت دوسانجھ بھی ہیں۔ بارڈر 2 اگلے سال بھارت کے یوم جمہوریہ کے ویک اینڈ پر سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
اس کے علاوہ اہان پوجا ہیگڑے کے ساتھ ساجد ناڈیاڈوالا کی حمایت یافتہ فلم سنکی میں بھی کام کرنے والے تھے تاہم اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کو فی الحال مؤخر کردیا گیا ہے۔
فی الحال اہان شیٹی اپنی بہن آتھیا کے ساتھ خاندانی لمحات گزار رہے ہیں، کیونکہ آتھیا اور ان کے شوہر، کرکٹ اسٹار کے ایل راہول کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ اہان اپنے ماموں ہونے کی ذمہ داریاں بھی بخوبی نبھا رہے ہیں۔





