عالمی منظر

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

حجاج رمی جمرات ادا کررہے ہیں

Web Desk

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

حجاج رمی جمرات ادا کررہے ہیں

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

روح پرور اجتماعات میں لاکھوں فرزندان توحید نے عید کی نماز ادا کی، جن میں امت مسلمہ کے اتحاد، مظلوم مسلمانوں کی مدد اور عالمِ اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی پُر انوار مسجد نبوی میں نمازِ عید کے عظیم اجتماعات منعقد ہوئے۔

مسجد الحرام میں حرمین شریفین کے امام نے نماز کی امامت فرمائی جبکہ مسجد نبوی میں بھی مؤمنین کا جم غفیر موجود تھا۔

دونوں مقامات پر عید کے خطبے دیے گئے، جن میں مسلمانوں کو قربانی، ایثار اور اخوت کا درس دیا گیا۔

دبئی، ابوظبی، شارجہ اور دیگر اماراتی شہروں میں بھی عید کی نماز کے اجتماعات پرامن ماحول میں ادا کیے گئے، جن میں ہر عمر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ادھر مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ بھی جاری ہے، حجاج کرام مزدلفہ سے منیٰ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ رمی جمرات کے مرحلے میں بڑے شیطان کو کنکریاں مار رہے ہیں۔

اس کے بعد قربانی، حلق یا قصر اور احرام سے فراغت کے مناسک انجام دیے جا رہے ہیں، بعد ازاں حجاج طوافِ زیارت اور سعی مکمل کریں گے۔

سعودی حکام کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں زائرین کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزارتِ حج و عمرہ، وزارتِ داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے منظم اور مربوط آپریشنز ترتیب دیے ہیں۔

رائل سعودی فورسز کے ہیلی کاپٹرز مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

ٹریفک کنٹرول، طبی امداد، صفائی، رہنمائی اور سیکیورٹی جیسے شعبہ جات میں ہزاروں اہلکار دن رات اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔