سوشل میڈیا

طوبیٰ انوار نے عید قرباں کے لیے بکرا خرید لیا

دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Web Desk

طوبیٰ انوار نے عید قرباں کے لیے بکرا خرید لیا

دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

اسکرین گریب
اسکرین گریب

شوبز انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ طوبیٰ انوار نے عید الاضحیٰ کی آمد پر سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے لیے بکرا خرید لیا، جس کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

عید قرباں میں صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں اور ملک بھر میں شہری قربانی کے جانور خریدنے میں مصروف ہیں، وہیں فنکار برادری بھی اس اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی کی تیاریوں میں پیش پیش نظر آ رہی ہے۔

طوبیٰ انوار نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے بکرے کے ساتھ خوشگوار انداز میں نظر آ رہی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ اُن کے گھر بھی قربانی کا جانور آ گیا ہے، اور انہوں نے اس کا نام ‘قربان‘ رکھا ہے۔


ویڈیو میں بکرے کی طرف سے ایک فرضی مزاحیہ آواز شامل کی گئی ہے، جس میں بظاہر بکرا شکایت کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اچھا خاصا گھاس کھا رہا تھا، یہ کہاں آ گیا ہوں؟ یہ خاتون تو ٹھیک لگتی ہیں، بس باتیں بہت کرتی ہیں۔ لیکن شاید ہم اچھے دوست بن سکتے ہیں... بس دیکھنا ہے کہ اگلا تہوار کون سا ہے؟ ویسے میرا نام قربان کیوں رکھا؟ یہ کیسا مذاق ہے!

اس منفرد اندازِ پیشکش نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا، اور ویڈیو کو دیکھنے والوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بکرے کے نام کو دلچسپ اور موقع کے مطابق قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں طوبیٰ انوار نے اپنے ممکنہ شریکِ حیات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قدآور شخصیت کو ترجیح دیں گی اور تعلق میں باہمی احترام کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔

 ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ شوبز مصروفیات کے ساتھ تعلیم کو بھی وقت دینے کی کوشش کر رہی ہیں، اگرچہ شوٹنگ شیڈول کی وجہ سے باقاعدہ یونیورسٹی جانا مشکل ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ طوبیٰ انوار نے  ڈرامہ سیریل ‘بے بی باجی کی بہوئیں‘ میں ’فرحت‘ کا کردار ادا کیا تھا، جس سے انہیں خاصی شہرت حاصل ہوئی تھی۔