فلم / ٹی وی

سنی دیول کی جاٹ او ٹی ٹی ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام

شائقین نے رندیپ ہوڈا کی بطور ولن تعریف کی۔

Web Desk

سنی دیول کی جاٹ او ٹی ٹی ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام

شائقین نے رندیپ ہوڈا کی بطور ولن تعریف کی۔

سنی دیول کی جاٹ او ٹی ٹی ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام

بالی وڈ اداکار سنی دیول اور رندیپ ہوڈا کی نئی ایکشن تھرلر فلم 'جاٹ' جہاں باکس آفس پر متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی وہیں نیٹ فلکس پر اس کی ریلیز بھی ڈیجیٹل دنیا میں کوئی خاص جوش پیدا نہ کر سکی۔

 فلم کو حقیقت سے دور کہانی کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ کچھ ناظرین نے اس کا موازنہ سلمان خان کی فلاپ فلم 'سکندر' سے کر ڈالا۔

فلم کو 5 جون کو اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا گیا تھا جسے ناظرین کی جانب سے ملاجلا ردِ عمل ملا۔

 سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور فلم کے پلاٹ اور حد سے زیادہ ایکشن مناظر پر سوالات اٹھائے۔

ایک صارف نے لکھاکہ 'سینسر بورڈ نے یہ فلم کیسے پاس کردی؟ یہ فلم میرے لیے شدید مایوس کن یادوں کا سبب بنی ہے'۔

ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ 'میں نے آج نیٹ فلکس پر جاٹ دیکھی، گانے اور لڑائی کے سینز اسکپ کر کے میں نے فلم ایک گھنٹے میں ختم کر لی، تیز رفتاری کے باوجود یہ فلم بہت خراب تھی، حقیقت سے ماورا مناظر، کمزور ڈائریکشن، اوسط درجے کی سینماٹوگرافی اور بے مطلب مکالمے'۔

ایک والد نے اپنا تبصرہ کچھ اس طرح شیئر کیا کہ 'نیٹ فلکس پر جاٹ کو دیکھتے ہوئے 45 منٹ گزرے تو میرا 8سال کا بچہ کہنے لگا 'جس نے یہ فلم بنائی ہے وہ دنیا کا سب سے بےوقوف آدمی ہے'۔

ایک اور نے تبصرہ کیا کہ 'یہ فلم ثابت کرتی ہے کہ سیویئر (نجات دہندہ) صنف ختم ہو چکی ہے، اسے دیکھنا بالکل ویسا ہی دردناک تجربہ تھا جیسے سکندر۔۔۔ یہ بالی وڈ فلم لگنے کے بجائےایک عام مگر پرانی طرز کی ساؤتھ انڈین فلم ہے جس میں 90 فیصد عملہ اور کاسٹ ساؤتھ سے ہے۔'

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'جاٹ دیکھی، شاید حالیہ عرصے کی سب سے مایوس کن فلم۔۔ کوئی ایک بھی سین یادگار نہیں، کچھ بھی دل کو نہیں بھایا، میرے لیے تو یہ فلم بالکل نہیں چلی۔'

تاہم کچھ ناظرین نے رندیپ ہڈا کی اداکاری کو سراہا اور کچھ نے فلم کی بھی تعریف کی۔

ایک صارف نے کہا کہ  'جاٹ نے دکھایا کہ ولن کا کردار کیسا ہونا چاہیے اور اس کے سامنے ایک بڑا نام سنی دیول بطور بریگیڈیئر بلدیو پرتاپ سنگھ۔ دل جیت لیا جاٹ نے۔'

ایک صارف نے لکھا کہ 'جاٹ فلم واقعی اچھی ہے، کئی حالیہ کامیاب مصالحہ فلموں سے بہتر۔ سنی دیول آہستہ آہستہ اپنی پرانی فارم میں واپس آ رہے ہیں۔'

خیال رہے کہ جاٹ رواں برس 10 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔

فلم کی کہانی ایک پراسرار شخص (سنی دیول) کے گرد گھومتی ہے جو آندھرا پردیش کے ایک چھوٹے گاؤں پہنچتا ہے، جہاں راناتنگا (رندیپ ہڈا) کے ظلم کا راج ہے۔ 

فلم میں دیگر اداکاروں میں ریجینا کیساندرا، سائیامی خیر، جگپتی بابو، رامیا کرشنن، وِنیت کمار سنگھ، پرشانت بجاج، زرینہ وہاب، پی روی شنکر اور ببلو پرتھوی راج شامل ہیں۔

فلم کو تھیٹرز اور او ٹی ٹی پر شائقین کی جانب سے ملا جُلا ردعمل ملا کچھ ناظرین نے اس کے ایکشن سینز کو پسند کیا، تو کچھ اسکرین پلے سے مایوس نظر آئے۔

تازہ ترین