بلال عباس کے والد نے انکی خامیاں گنوادیں
اداکار اپنی خامیاں سننے کے ساتھ اس کی تائید بھی کرتے نظر آئے۔
بلال عباس پاکستان کے ان نوجوان اداکاروں میں شامل ہیں جن کی فین بیس خاصی وسیع ہے اور انہیں پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی خاص پسند کیا جاتا ہے۔
ان کی اداکاری کی خاصیت یہ ہے کہ وہ ہر کردار کو مکمل طور پر طاری کیے نظر آتے ہیں اور اسی حقیقت سے قریب تر اداکاری کے سبب ان کا ہر پروجیکٹ کامیابی کو چھوتا نظر آتا ہے۔
جہاں ان کی اداکاری چرچوں کا باعث ہے وہیں ان کی خوبصورتی، دلکش آنکھیں اور چارمنگ پرسنالٹی بھی مداحوں کو ان کا دیوانہ بنائے رکھتی ہے۔
بلال ڈراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں 'تھوڑا جی لے' اور 'کھیل کھیل میں' شامل ہیں۔
ان کے مشہور ڈراموں میں سایہ دیوار بھی نہیں، قربان، او رنگریزہ، ڈنک، بے خودی، رسمِ دنیا، کچھ انکہی، من جوگی، دوبارہ شامل ہیں۔
بلال نے کئی ڈراموں میں کام کیا لیکن 'چیخ'، 'بلا'، پیارے کے صدقے' اور پھر عشق مرشد میں انہوں نے اپنے کرداروں کو ایسا نبھایا کہ لوگ انہیں کردار کے نام سے ہی پکارنے لگے۔
حال ہی میں بلال اپنے والد کے ہمرہ نظر آئے جس کے دوران ان کے والد سے اداکار کی خوبیوں اور خامیوں کا سوال کیا گیا۔
اس پر بلال اپنے والد کو مشورہ دیتے نظر آئے کہ پہلے بری باتیں بتادیں اچھی چھوڑیں۔
ان کے والد بھی حسِ مزاح رکھنے والے فرد نظر آئے جنہوں نے کہا کہ 'بری تو بہت ساری ہیں لیکن تین بتانی ہیں' اور خود اداکار بھی اپنے والد کی اس بات کو طنزیہ انداز میں سراہتے ہوئے نظر آئے۔
اس کے بعد بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکار کے والد نے کہا کہ بلال بہت موڈی انسان ہے، جس کی تائید خود بلال نے بھی کی۔
والد نے مزید کہا کہ دوسری بات یہ کہ 'جب یہ خود سو کر اٹھ جاتا ہے تو مجھے ضرور اٹھاتا ہے'، اس پر بلال حیرت سے اپنے والد سے پوچھتے نظر آئے کیا یہ بری بات ہے، آپ 4، 4 بجے تک سو رہے ہوتے ہیں، اس پر ان کے والد بولے 'تو کیا ہوگیا'۔
تیسری خامی بتاتے ہوئے ان کے والد بولے کہ 'اگر اچھا کھانا یا پسند کا کھانا نہ ملے تو بلال چڑچڑا ہوجاتا ہے' اور اداکار نے بھی اس کی تائید کی کہ اتنا تو ہوتا ہے۔
بعدازاں جب خوبیوں کی بات آئی تو ان کے والد نے کہا کہ ایک ہی اچھی چیز ہے۔۔۔۔کہ اللہ تعالیٰ ایسا بیٹا سب کو دے۔
والد کے منہ سے اپنے لیے یہ الفاظ سن کو وہ خود بھی ایک لمحے کو چونکتے نظر آئے اور خوشی سے کہنے لگے' اینڈ ہوگیا'۔
مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب پسند کیا اور بلال کے ساتھ ساتھ ان کے والد کی بھی تعریفیں کیں۔




