اسکینڈلز

تشدد کو رومانس نہ بنائیں، مشی خان کا پیمرا سے مطالبہ

مشی خان کی اس تنقید کو سوشل میڈیا پر مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے

Web Desk

تشدد کو رومانس نہ بنائیں، مشی خان کا پیمرا سے مطالبہ

مشی خان کی اس تنقید کو سوشل میڈیا پر مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اداکارہ مشی خان نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ڈرامہ سیریل من مست ملنگ میں دکھائے جانے والے غیر ضروری تشدد اور رومانوی مناظر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، اور اس حوالے سے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بڑھتی ہوئی نامناسب رومانویت اور پرتشدد مناظر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرا سوال پیمرا سے ہے: آپ کی کمیٹی کہاں ہے؟ کیا وہ فعال ہے؟ کیا آپ کو نظر نہیں آرہا کہ کس نوعیت کے ڈرامے ٹیلی وژن پر نشر کیے جا رہے ہیں، خاص طور پر من مست ملنگ میں؟

مشی خان نے ڈرامے میں دکھائے گئے مواد کو نہایت نامناسب اور اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے والا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے مناظر معاشرے میں غلط رجحانات کو فروغ دیتے ہیں، اور ناظرین، خصوصاً نوجوان نسل، ان سے متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ڈراموں میں نہ صرف بے جا رومانی مناظر شامل کیے جا رہے ہیں بلکہ ہیرو کے کردار کو ایک ایسے شخص کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو رومانوی تعلقات کے فوراً بعد ہیروئن پر تشدد کرتا ہے اور پھر اس پر فخر محسوس کرتا ہے۔ یہ پیغام معاشرے کو کیا دے رہا ہے؟

مشی خان نے اداکار دانش تیمور کے کرداروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار ایسے کردار نبھا رہے ہیں جن میں وہ جنونی عاشق کی شکل میں سامنے آتے ہیں اور ہیروئن پر ہاتھ اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں۔ 

انہوں نے اس پر سوال اٹھایا کہ آج وہ ایسے منفی کردار ادا کرتے ہیں، اور کل رمضان ٹرانسمیشنز میں ہمیں اسلام کی تعلیم دیتے نظر آتے ہیں۔ کیا یہ دوہرا معیار نہیں؟

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے پیمرا سے پُرزور اپیل کی کہ فوری طور پر ایسے ڈراموں کے خلاف کارروائی کی جائے جو تشدد اور غیر اخلاقی مناظر کو معمول بناتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامے ہر گھر میں دیکھے جا رہے ہیں اور ان کا معاشرے پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ ہمیں ایسے مواد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جو مثبت پیغام دے اور سماجی بہتری میں کردار ادا کرے۔

مشی خان کی اس تنقید کو سوشل میڈیا پر مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے، اور کئی ناظرین نے بھی اس مؤقف کی تائید کی ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری کو اپنی سماجی ذمہ داریوں کا ادراک ہونا چاہیے۔

تازہ ترین