انفوٹینمنٹ

نادیہ جمیل نے فواد خان کی مہربانی کا قصہ سنا دیا

اداکارہ نے فواد اور ان کی اہلیہ کا دل چھو لینے والا اقدام شیئر کردیا۔

Web Desk

نادیہ جمیل نے فواد خان کی مہربانی کا قصہ سنا دیا

اداکارہ نے فواد اور ان کی اہلیہ کا دل چھو لینے والا اقدام شیئر کردیا۔

نادیہ جمیل نے فواد خان کی مہربانی کا قصہ سنا دیا

معروف اداکارہ، سماجی کارکن اور بچوں کے حقوق کی علمبردار نادیہ جمیل نے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی شائستگی اور مہربان فطرت سے متعلق ایک نوٹ شیئر کر کے سب کو حیران کردیا۔

فواد خان پاکستان کے ہر دلعزیز اسٹار ہیں جو  جو ’ہم سفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’خدا کے لیے‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جیسے کامیاب پروجیکٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔

اداکار نہ صرف اپنے فن کے حوالے سے بلکہ اپنے ذاتی رویے کی بدولت بھی شائقین اور ساتھی فنکاروں میں بے حد مقبول ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ نادیہ جمیل نے ان کے حوالے سے شیئر کیا ہے۔

نادیہ نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں فواد خان کے اچھے اخلاق اور دل چھو لینے والے اقدام کو شیئر کرتے ہوئے انہیں سراہا'۔

پوسٹ میں نادیہ جمیل نے بتایا کہ گزشتہ رات 'لوو گرو' کے پریمیئر کے موقع پر جب وہ اپنی والدہ اور خالہ کے ہمراہ اسکریننگ تھیٹر میں داخل ہوئیں تو فواد خان اور ان کی اہلیہ صدف پہلے سے وہاں موجود تھے اور اپنی نشستوں پر براجمان تھے۔

نادیہ کے مطابق 'جیسے ہی انہوں نے میری والدہ اور خالہ کو کھڑے دیکھا، فوراً اپنی پلاٹینم نشستیں انہیں دینے پر اصرار کیا، اگرچہ میری والدہ کو یہ سب کچھ کافی عجیب لگا مگر فواد نے انہیں کھڑے رہنے نہیں دیا اور اصرار کر کے اپنی نشستوں پر بٹھایا، بعدازاں جب سب اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے اس وقت وہ بھی اپنی سیٹس پر واپس آئے'۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح فواد اور صدف کی مہربانی نے میرے دل کو چھو لیا۔

نادیہ جمیل نے مزید ایک پرانا واقعہ بھی شیئر کیا جب وہ لاہور سے کراچی کی پرواز میں موجود تھیں اور لینڈنگ کے دوران انہیں مرگی کا دورہ پڑا تھا'۔

نادیہ نے بتایا کہ 'فواد خان بھی اسی پرواز میں موجود تھے اور انہوں نے فوری طور پر میرے لیے وہیل چیئر کا بندوبست کیا، میری دوائیاں ڈھونڈی اور کھلائیں ساتھ ہی میرے بھائی رکئی جمیل سے رابطہ کیا اور اس وقت تک میرے ساتھ ایئرپورٹ پر موجود رہے جب تک ان کا بھائی نہ پہنچ گیا'۔

نادیہ نے بتایا کہ ان کے بارہا کہنے کے باوجود کہ وہ ٹھیک ہیں، فواد خان نے گھر جانے سے انکار کر دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ 'فواد خان نہ صرف بے مثال اداکار ہیں بلکہ اخلاق، عاجزی اور رحم دلی کی ایک زندہ مثال ہیں۔ ان کا انداز ہمیشہ نرم، شائستہ اور دوسروں کا خیال رکھنے والا ہوتا ہے۔ وہ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنجیدہ مسائل کے بھی نہایت باشعور حمایتی ہیں'۔

نادیہ کی جانب سے فواد خان کی شخصیت کا ان دیکھا پہلو شیئر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکار کو سراہا۔

ایک صارف نے لکھا دنیا کے اچھے ہونے کی وجہ اچھے اور مہربان لوگ ہیں۔

ایک اور کا کہنا تھا کہ انسانیت اب بھی موجود ہے، اور آج کی دنیا میں، اس کی موجودگی کسی کی پرورش، خاندانی اقدار اور ثقافتی وقار کے بارے میں بتادیتی ہے۔ تھوڑی سی مہربانی بہت زیادہ اثر ڈالتی ہے۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ شیئر کرنے کا شکریہ، ایسی کہانیاں انسانیت پر اعتماد بحال کرتی ہیں اور فواد ایک سچے مہربان اور شریف انسان ہیں، اسی لیے میں ہمیشہ ان کا مداح رہوں گا۔

تازہ ترین