بابر اعظم PCB کی 'عید ویڈیو' میں غیرموجود، مداح برہم
پی سی بی نے بابر اعظم کی غیر موجودگی پر تاحال کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی
عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری 'عید ویڈیو' میں سابق کپتان بابر اعظم کی غیرموجودگی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی تہنیتی ویڈیو جاری کی گئی، جس میں قومی کرکٹرز نے دنیا بھر کے مداحوں کو عید کی مبارکباد دی۔
تاہم اس ویڈیو میں پاکستان کے مایہ ناز بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم کی غیر موجودگی نے شائقین کو حیرت اور مایوسی میں مبتلا کر دیا۔
ویڈیو میں جو کھلاڑی دکھائی دیے اُن میں کپتان سلمان علی آغا، محمد رضوان، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور عامر جمال شامل تھے لیکن بابر اعظم کا نام کہیں نظر نہ آیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر اس کمی کو محسوس کرتے ہوئے اظہارِ ناراضگی کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'میں نے پوری ویڈیو صرف بابر اعظم کا عید پیغام سننے کے لیے دیکھی، لیکن وہ تھے ہی نہیں' جبکہ ایک اور صارف نے اسے 'دل توڑ دینے والا لمحہ' قرار دیا۔
یہ بات خاص طور پر حیران کن اس لیے بھی ہے کہ بابر اعظم کو حالیہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈراپ کیے جانے کے باوجود وہ پاکستان کرکٹ کے سب سے زیادہ مقبول چہرہ سمجھے جاتے ہیں۔
ویڈیو میں محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی جیسے کھلاڑی شامل تھے، جنہیں بابر کی طرح اس سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، لیکن بابر کی عدم موجودگی نے سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
پی سی بی نے بابر اعظم کی غیر موجودگی پر تاحال کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی، جس کی وجہ سے افواہوں کو مزید تقویت مل رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اسے پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم کو جان بوجھ کر نظرانداز کرنے کی کوشش قرار دیا ہے، جبکہ کچھ نے اسے اندرونی اختلافات کا نتیجہ بھی قرار دیا۔
اس وقت قومی ٹیم عید کی تعطیلات کے موقع پر اپنے خاندانوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہے، یاد رہے کہ پاکستان نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو لاہور میں 0-3 سے شکست دی تھی۔
پاکستان ٹیم جولائی میں ایک بار پھر بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
بنگلہ دیش سیریز کے بعد، پاکستانی ٹیم 31 جولائی سے 12 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں وائٹ بال سیریز کھیلی جائے گی۔




