ٹرمپ نے ایلون مسک کو سنگین نتائج کی دھمکی دے ڈالی
دونوں کے درمیان تعلقات میں تناؤ مسلسل بڑھتا جارہا ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور معروف ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک کے درمیان تعلقات میں تناؤ مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایلن مسک اُن ریپبلکنز کے خلاف ڈیموکریٹس کو فنڈنگ دیتے ہیں جو ٹرمپ کے ٹیکس میں چھوٹ اور اخراجات کے بل کی حمایت کر رہے ہیں، تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
'این بی سی نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے اس بات کی تصدیق کی کہ اُن کا ایلون مسک سے تعلق اب ختم ہو چکا ہے اور انہوں نے تعلقات کی بحالی کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی، ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تعلق اب ختم ہو چکا ہے۔
دونوں کے درمیان تعلقات میں دراڑ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایلون مسک نے ٹرمپ کے حمایت یافتہ 'ون بِگ بیوٹیفل بل ایکٹ' پر شدید تنقید کی، جسے انہوں نے ایک 'قابل نفرت بل' قرار دیا اور خبردار کیا کہ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں سے معیشت کساد بازاری کا شکار ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایلون مسک نے ڈیموکریٹ اُمیدواروں کی مالی مدد کی، خاص طور پر اُن ریپبلکنز کے خلاف جو حکومت کے ٹیکس میں چھوٹ اور اخراجات کے بل کی حمایت کر رہے ہیں، تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے، تاہم ٹرمپ نے واضح نہیں کیا کہ وہ نتائج کیا ہوں گے۔
رواں ہفتے کے اوائل میں ایلون مسک نے اپنی زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (ٹوئٹر) پر نہ صرف بل پر نکتہ چینی کی، بلکہ ایک پوسٹ میں ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کا عندیہ بھی دیا، جو بعد میں حذف کر دی گئی۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں متنازع جیفری ایپسٹین کیس سے ٹرمپ کا نام جڑنے کا بھی حوالہ دیا، جسے ٹرمپ نے 'پرانا معاملہ' کہہ کر مسترد کر دیا۔
ٹرمپ نے ایلون مسک کے تبصروں پر شدید ردعمل دیا اور الزام لگایا کہ 'ایلون مسک صدارتی عہدے کی توہین کر رہے ہیں'۔
انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایلون مسک سے توقع نہیں رکھتے تھے کہ وہ ان کے دستخط شدہ ٹیکس اور اخراجات کے بل پر اس طرح تنقید کریں گے، جسے ایلون مسک نے کلین انرجی انڈسٹریز کے لیے 'غیر منصفانہ بل' قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایلون مسک 2024 کی صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ کے بڑے مالی معاونین میں شامل تھے، بعد ازاں انہیں وفاقی اداروں میں بچت اور کفایت شعاری کے لیے بنائے گئے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE) کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم دونوں کے تعلقات میں دراڑ کے بعد ایلون مسک حکومتی امور سے علیحدہ ہوچکے ہیں۔
-
فلم / ٹی وی 13 منٹ پہلے
کاجول 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے سیکوئل پر بول پڑیں
-
وائرل اسٹوریز 35 منٹ پہلے
بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین
-
بالی ووڈ 51 منٹ پہلے
عامر نے مہابھارت کے بعد ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیدی
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
عاصم اور میرب کے ایک ساتھ آخری لمحات توجہ کا مرکز