سدھو موسے والا کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم پر تنازع کھڑا ہوگیا
آنجہانی گلوکار کے والد نے دستاویزی فلم پر سخت اعتراضات اٹھائے ہیں
پنجاب کے مشہور گلوکار سدھو موسے والا کی زندگی اور ان کے المناک قتل پر مبنی بی بی سی ورلڈ سروس کی آنے والی دستاویزی فلم شدید تنازع کی زد میں آگئی ہے۔
گلوکار کے والد بلکور سنگھ سدھو نے نہ صرف اس فلم پر سخت اعتراضات اٹھائے ہیں بلکہ اسے غیرقانونی، جذبات مجروح کرنے والا اور عدالتی معاملات پر اثرانداز ہونے والا عمل قرار دیا ہے۔
بلکور سنگھ نے مہاراشٹرا پولیس کے ڈی جی پی اور ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن کو ایک باقاعدہ تحریری شکایت پیش کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 11 جون کو سہ پہر 3 بجے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع 'سوہو ہاؤس' میں بی بی سی کی جانب سے ایک دستاویزی فلم کی پرائیویٹ اسکریننگ رکھی گئی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فلم میں سدھو موسے والا کی زندگی اور قتل سے جُڑے ایسے نامعلوم حقائق دکھائے جائیں گے جو پہلے کبھی منظرِ عام پر نہیں آئے۔
بلکور سنگھ کا الزام ہے کہ نہ تو اس فلم کے لیے ان سے اجازت لی گئی، نہ کوئی پیشگی اطلاع دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف میرے بیٹے کی یادگار شخصیت کو نقصان پہنچا سکتی ہے بلکہ اس قتل کیس کے جاری عدالتی عمل کو بھی متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بلکور سنگھ نے شکایت میں مزید دعویٰ کیا کہ بی بی سی نے اس فلم میں ایف آئی آر میں نامزد چند ملزمان کے انٹرویوز بھی شامل کیے ہیں، جو نہایت حساس اور قابلِ اعتراض عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر ہمارے بیٹے کے قتل کا الزام ہے، اُن کو فلم میں پلیٹ فارم دینا ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
بلکور سنگھ نے خبردار کیا کہ اگر بی بی سی اور مقامی انتظامیہ نے اس اسکریننگ کو فوری طور پر نہ روکا تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نہ صرف اس اسکریننگ کو فوری روکا جائے بلکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔
سدھو موسے والا: ایک عروج، ایک سانحہ
سدھو موسے والا کا شمار اُن پنجابی گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہایت کم عمری میں عالمی شہرت حاصل کی۔
ان کے گیت نہ صرف پنجاب بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پنجابی نوجوانوں میں مقبول ہوئے۔
مگر 2022 میں ان کے قتل نے نہ صرف ان کے مداحوں کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ پنجاب کی سیاسی و سماجی فضا کو بھی شدید متاثر کیا۔





