34 بچیوں کو گود لینے والی بھارتی اداکارہ کون؟
اداکارہ نے 2009 میں 34 یتیم بچیوں کی کفالت کی ذمے داری اٹھائی تھی
یہ بات ہے 2009 کی جب بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنی 34 ویں سالگرہ پر 34 بے سہارا بچوں کو گود لیا تھا۔
اداکارہ پریتی زنٹاجو ماضی میں ڈِمپل کوئین کے لقب سے مشہور تھیں، انہوں نے بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو شاہ رخ خان اور منیشا کوئرالا کی فلم’ دل سے‘ کے ذریعے کیا تھا۔
انہوں نے ’چوری چوری چپکے چپکے‘،’ دل چاہتا ہے‘،’ دل ہے تمہارا‘،’ کبھی الوداع نہ کہنا‘ اور’ کل ہو نہ ہو‘ جیسی کئی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دل جیتے۔
پریتی اور ان کے شوہر جین اب دو خوبصورت جڑواں بچوں جئے اور جیا کے والدین ہیں، جو ان کے گھر میں سروگیسی کے ذریعے آئے مگر پریتی اس سے کہیں پہلے شادی سے قبل ہی 34 بچوں کی ماں بن چکی تھیں۔
پریتی زنٹا نے ہمیشہ سماجی کاموں اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
2009 میں انہوں نے رِشی کیش میں واقع مدر میریکل یتیم خانہ سے 34 یتیم بچیاں گود لی تھیں، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے 34 بچیاں گود لی ہیں، ان کی تعلیم، خوراک، کپڑے اور پرورش کی مکمل ذمہ داری میری ہے'۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'آپ اندازہ نہیں لگا سکتے کہ ان بچیوں کی خوشیوں بھری چہچہاہٹ سن کر کیسا محسوس ہوتا ہے، یہ اب میری بچیاں ہیں، میری ذمہ داری ہیں، میں ان کے ساتھ مستقل رابطے میں رہوں گی اور سال میں دو بار ان سے ملنے بھی جاؤں گی'۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان بچیوں کی معصوم باتیں سن کر ان کا دل پگھل گیا تھا اور انہیں احساس ہوا کہ معاشرے میں بچیوں کی حالت واقعی تشویش ناک ہے۔
خاص طور پر لڑکیوں کے اسقاطِ حمل اور زہریلے ماحول میں پلنے جیسے مسائل انہیں بےحد پریشان کرتے تھے۔
پریتی نے اس وقت بھی ارادہ ظاہر کیا تھا کہ وہ مستقبل میں مزید بچوں کو گود لیں گی۔
18 نومبر 2021 کو پریتی نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر جین گڈ اینف کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور اعلان کیا کہ وہ جڑواں بچوں جئے اور جیا کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔
انہوں نے پوسٹ میں نرسوں، ڈاکٹروں اور خاص طور پر اس سروگیٹ ماں کا شکریہ ادا کیا جس نے ان کے اس سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
جو لوگ پریتی کی زندگی سے واقف نہیں، انہیں یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ان کی زندگی کا سفر بہت دشوار رہا ہے۔
وہ صرف 13 سال کی تھیں جب ان کے والد ایک کار حادثے میں انتقال کر گئے تھے اور ان کی والدہ بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئیں۔
دو سال بعد، محض 15 برس کی عمر میں، پریتی نے اپنی ماں کو بھی کھو دیا، اس صدمے کے باوجود پریتی نے ہمت نہیں ہاری اور محنت کے بل بوتے پر فلم انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی۔




