انفوٹینمنٹ

سردار جی 3؛ فینز نے دلجیت کی پوسٹ میں ہانیہ عامر کو ڈھونڈ لیا

فلم 'سردار جی 3' کے سیٹ پر ہانیہ عامر کی موجودگی توجہ کا مرکز

Web Desk

سردار جی 3؛ فینز نے دلجیت کی پوسٹ میں ہانیہ عامر کو ڈھونڈ لیا

فلم 'سردار جی 3' کے سیٹ پر ہانیہ عامر کی موجودگی توجہ کا مرکز

فلم سردار جی 3 کے سیٹ پر ہانیہ عامر کی موجودگی توجہ کا مرکز
 فلم 'سردار جی 3' کے سیٹ پر ہانیہ عامر کی موجودگی توجہ کا مرکز

گلوبل سپر اسٹار  دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں اپنی موسٹ اویٹڈ پنجابی فلم 'سردار جی 3' کے سیٹ سے پردے کے پیچھے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس نے مداحوں میں ہلچل مچا دی۔ 

دلجیت کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کی گئی ان تصاویر میں پنجابی سپر اسٹار نیرو باجوہ نمایاں تھیں تاہم مداحوں کی عقابی نظروں نے بیک گراؤنڈ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی ڈھونڈ لیا۔

گلوبل سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ نے براہ راست ہانیہ عامر کو  اپنی بی ٹی ایس جھلکیوں میں شامل نہیں کیا تھا تاہم مداحوں کی جانب سے ہانیہ کو پہچاننے کے بعد گلوکار کی انسٹاگرام پوسٹ وائرل ہوگئی۔

حال ہی میں 22 اپریل کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے  پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد  جس میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں  کشیدگی آ گئی تھی۔ 

واقعے کے بعد بھارتی میڈیا پر جاری رپورٹس کے مطابق بھارت کے  دیگر فلمسازوں کی طرح دلجیت نے بھی ہانیہ کو اپنی فلم سے نکال دیا تھا۔

تاہم فلم سردار جی 3 کے سیٹ سے دلجیت دوسانجھ کی جانب سے شیئر کی گئی پہلی تصویر میں مداحوں نے نیرو کے پیچھے ہانیہ کو کھڑا دیکھا جس میں ان کے صرف  بال اور آنکھیں نظر آ رہی تھیں۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

گلوکار کی انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹ سیکشن کا رخ کرتے ہوئے کئی مداحوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پوسٹ کی ایک اور تصویر میں دلجیت ہانیہ کے ساتھ پوز دے رہے تھے جہاں ایک خاتون جو بظاہر ہانیہ لگ رہی ہیں سیاہ ساڑھی پہنے دلجیت کو قریب سے پکڑے ہوئے نظر آرہی ہیں۔

صرف یہی نہیں کچھ صارفین نے تو یہ اندازہ بھی لگایا کہ ایک تصویر میں ہانیہ کا چہرہ دلجیت کی سیاہ ٹی شرٹ پر بھی دکھائی دے رہا تھا۔

واضح رہے کہ گلوبل سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کی فلم ‘سردار جی 3‘ رواں ماہ 27 جون کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے جس کے  ٹیزر  ریلیز کا اعلان جلد ہی میکرز کی جانب سے کیا جائے گا۔ 

تاہم فلم 'سردار جی 3' میں ہانیہ عامر کی مسلسل شمولیت کے حوالے سے  ابھی تک میکرز کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن بی ٹی ایس پکچرز میں ان کی موجودگی نے فلم میں ان کے کردار کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں اور تنازعات کو ایک نئی جہت دی ہے۔