انفوٹینمنٹ

کیا پریش راول ہیراپھیری3 میں واپس آرہے ہیں؟

اداکار کی جانب سے مداح کو دیے جواب پر قیاس آرائیاں شروع

Web Desk

کیا پریش راول ہیراپھیری3 میں واپس آرہے ہیں؟

اداکار کی جانب سے مداح کو دیے جواب پر قیاس آرائیاں شروع

پریش راول کے فلم سے علیحدگی نے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔
پریش راول کے فلم سے علیحدگی نے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

ہیرا پھیری میں پریش راول کے نرالے اور مشہور بابو راؤ کے کردار نے انہیں مداحوں کا پسندیدہ بنا دیا ہے، یہ کلاسک فلم گزشتہ برسوں میں کلٹ کا درجہ حاصل  کرچکی ہے۔

جہاں ہیرا پھیری 3 سے متعلق چہ مگوئیوں نے مداحوں کو مرکزی کرداروں میں اکشے کمار، سنیل شیٹی، اور پریش راول کو دوبارہ اکٹھا ہوتےدیکھنے کے لیے پرجوش کر دیا تھا وہیں پریش کے اچانک پروجیکٹ سے باہر نکلنے نے بہت سے لوگوں کو مایوس کر دیا۔

اب سینیئر اداکار نے اپنی واپسی کے لیے ایک مداح کی جذباتی التجا پر ردِ عمل دیا ہے اور ان کے اس ردعمل نے آن لائن مداحوں کے تبصروں کی ایک نئی لہر کو جنم دے دیا۔

پیر کے روز ایک مداح نے پریش کو ٹیگ کیا اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ 'سر، براہ کرم ایک بار پھر ہیرا پھیری فلم میں شامل ہونے کے بارے میں سوچیں، آپ اس فلم کے ہیرو ہیں'۔

اس التجائیہ پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے اپنا، اکشے اور سنیل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ 'نہیں۔۔۔ ہیرا پھیری میں تین ہیرو ہیں'۔

پریش کے اس تبصرے پر مداحوں نے دلی پیغامات کے ساتھ ردعمل کا اظہار کیا۔

ان میں سے ایک نے لکھا کہ 'جناب وہ تینوں ہیرو آپ کے برابر نہیں ہیں، ایک اور نے تبصرہ کیا کہ 'موٹا بھائی، مجھے آپ کا مؤقف پسند ہے، اس طرح آپ اپنی پیشہ ورانہ ساکھ کو برقرار رکھتے ہیں'۔

ایک اور نے لکھا کہ 'جناب، ہیرا پھیری آپ کے بغیر ناقابل تصور ہے! براہ کرم واپس آئیں اور ہمیں ایک بار پھر اپنی ناقابل فراموش مزاحیہ صلاحیتوں سے نوازیں، یہ ٹرائیو ہمارے پیارے بابو راؤ کے بغیر نامکمل ہے!'۔

البتہ کچھ صارفین نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ یہ صرف پی آر اسٹنٹ ہے اور وہ جلد ہی فرنچائز میں واپس آجائیں گے۔

پریش کے ہیرا پھیری 3 سے باہر نکلنے کی تصدیق کے بعد ان کے اور فلم میکرز کے درمیان تخلیقی اختلافات کے بارے میں افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔

تاہم پریش نے ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا اور ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے فیصلے کی اصل وجہ بتائی اور کہا کہ 'میں جانتا ہوں کہ یہ بہت سے لوگوں کے لیے صدمے کے باعث تھا'۔

اداکار نے مزید کہا کہ 'ہم تینوں نے پریا درشن جی کی ہدایت کاری کے ساتھ ایک بہترین امتزاج بنایا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے اس سے دستبرداری اس لیے اختیار کی کیونکہ ابھی میرا اس کا حصہ بننے کا دل نہیں چاہ رہا، یہ فی الحال حتمی ہے، میں ہمیشہ کسی بھی چیز کے لیے 'کبھی نہ کہو' کہتا ہوں کیوں کہ کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔'

فلم کے ڈائریکٹر پریا درشن نے اپنے ردِعمل میں بتایا تھا کہ پریش نے فیصلہ لینے سے پہلے کسی کو مطلع نہیں کیا اور انکشاف کیا کہ معاہدے پر دستخط ہو چکے تھے جبکہ ایک پرومو بھی شوٹ ہو چکا تھا۔

انہوں نے یہ بھی شیئر کیا تھا کہ پریش کے فلم سے باہر نکلنے کا اعلان کرنے کے بعد اکشے کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

فلم سے علیحدگی

میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول نے 27 مارچ کو 'ہیرا پھیری 3' کے لیے ایک ٹرم شیٹ پر کسی قانونی مشاورت کے بغیر دستخط کیے تھے۔

بعدازاں رواں برس اپریل میں، جب ابھی تک فلم کا اسکرپٹ یا شیڈول طے نہیں ہوا تھا، پریش راول کو ایک پروموشنل ویڈیو کی شوٹنگ کا کہا گیا۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جس معاہدے پر پریش راول نے دستخط کیے، اس میں درج تھا کہ انہیں صرف1 فیصد معاوضہ پیشگی ملے گا، جبکہ باقی 99 فیصد فلم کی ریلیز کے بعد ادا کیا جائے گا۔

اداکار کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ایسی غیر واضح شرائط کی موجودگی میں پریش راول کی فلم سے علیحدگی ایک دانشمندانہ اور قانونی فیصلہ ہے۔