دلچسپ و خاص

لیبوبو ڈول؛ عجیب سی گڑیا جسکی سلیبریٹیز بھی دیوانی

یہ ڈول اپنی خوفناک شکل کے باوجود تیزی سے مقبول ہوئی ہے۔

Web Desk

لیبوبو ڈول؛ عجیب سی گڑیا جسکی سلیبریٹیز بھی دیوانی

یہ ڈول اپنی خوفناک شکل کے باوجود تیزی سے مقبول ہوئی ہے۔

یہ ڈول ایک فیشن ٹرینڈ بن چکی ہے۔
یہ ڈول ایک فیشن ٹرینڈ بن چکی ہے۔

اگر آپ سوشل میڈیا پر سیلیبریٹیز کو فالو کرتے ہیں تو آپ نے ایک عجیب سی دکھنے والی گڑیا ضرور دیکھی ہوگی جو لیبوبو ڈول کے نام سے خاصی شہرت پا رہی ہے۔

حالیہ دنوں انٹرنیٹ پر لیبوبو (Labubu) نامی پلش ڈول کا ایک نیا جنون دیکھنے میں آیا،جس کی بڑی بڑی آنکھیں، نوکیلے کان اور فری بدن نے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی اپنا دیوانہ بنا دیا ہے۔

حیرت انگیز طور پر یہ گڑیا نہ دیکھنے میں خوبصورت ہے اور نہ ہی پرکشش اس کے باوجود یہ بچوں سے زیادہ بالغ افراد میں مقبول ہو رہی ہے اور اس کی مقبولیت میں اہم کردار سیلیبریٹیز نے ادا کیا،

ان سیلیبریٹیز میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ جیسے ریحانہ، دعا لیپا کے علاوہ کم کارڈیشین، کرن جوہر، ثانیہ مرزا، اننیا پانڈے، ٹوئنکل کھنہ اور متعدد نام شامل ہیں، جو اس گڑیا کو اپناتے نظر آئے۔

لیبوبو ڈول کیا ہے؟

لیبوبو ایک کھلونا گڑیا ہے جو ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنر کاسِنگ لَنگ (Kasing Lung) کے تخلیق کردہ 'مونسٹر ایلفز' کلیکشن کا حصہ ہے۔

اسے چین کی مشہور ریٹیل کمپنی پاپ مار کے ذریعے فروخت کیا جاتا ہے اور لیبوبو اب اس برانڈ کی پہچان بن چکی ہے۔

یہ گڑیا پہلی بار 2015 میں بطور مونسٹر فگرینز متعارف کروائی گئی تھی لیکن 2019 میں بڑے برانڈ سے کولیبریشن کے بعد اس کی شہرت میں زبردست اضافہ ہوا۔

لیبوبو کی بڑی اور پرکشش آنکھیں اسے دیگر گڑیاؤں سے بالکل مختلف بناتی ہیں، اس کے علاوہ ان کے فرفری جسم، نوکیلے کان، اور نو تیز دانتوں کے ساتھ ایک خوفناک مسکراہٹ اس کی منفرد پہچان ہے۔

اکثر لیبوبو فگرینز 'بلائنڈ باکس' کے طور پر فروخت ہوتے ہیں یعنی خریدار کو معلوم نہیں ہوتا کہ باکس کے اندر کون سا ماڈل ہے، جس سے اس گڑیا کے حوالے سے تجسس اور دلچسپی مزید بڑھ جاتی ہے۔

اس ہر بلائنڈ باکس کی قیمت 16 امریکی ڈالر سے زائد ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر خریدار کو کوئی نئی اور مختلف لیبوبو ڈول ملتی ہے، جس سے اس کی قدر اور دلچسپی میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اس عجیب و غریب گڑیا کی شہرت کے ساتھ یہ سوال بھی اٹٖھایا جاتا ہے کہ کیا لیبوبو کی شکل و صورت کا کسی تاریخی یا ثقافتی ورثے سے کوئی تعلق ہے؟ تو درحقیقت، اس میں نارڈک (اسکینڈے نیوین) کلچر کی جھلکیاں موجود ہیں۔

گڑیا کے تخلیق کار کاسِنگ لَنگ نیدرلینڈز میں پروان چڑھے جہاں انہوں نے یورپی لوک کہانیوں اور ایلفز کی داستانوں سے متاثر ہو کر یہ فگر تخلیق کی۔

ایک انٹرویو میں کاسِنگ لَنگ نے بتایا کہ وہ بچپن میں کہانیوں کی کتابیں پڑھتے تھے اور ان پر قدیم یورپی ایلفز کی کہانیوں کا گہرا اثر تھا، ان کے مطابق میرے پاس ویڈیو گیمز یا کمپیوٹرز نہیں تھے، اس لیے میں پین سے کردار بناتا اور پریوں کی کہانیوں کی تصویر کشی کرتا'۔

لیبوبو اور سلیبریٹیز

لیبوبو نہ صرف پلش کھلونے کے طور پر مقبول ہے بلکہ یہ 'دی مونسٹرز' کہانی سیریز کا بھی حصہ ہے، اس کمیونٹی میں دیگر کردار جیسے زیمومو، موکوکو اور ٹائیکوکو بھی شامل ہیں ۔

اس کھلونے کی شہرت اس وقت آسمان کو چھونے لگی جب کے پاپ بینڈ 'بلیک پنک' کی رکن لِیسا نے اپنے بیگ پر لیبوبو گڑیا والی کی-چینز لگائیں، ان کا انداز لوگوں میں تیزی سے مقبول ہو گیا اور ایک نیا فیشن ٹرینڈ بن گیا۔

اس کے علاوہ عالمی گلوکارہ ریحانہ حالیہ دنوں میں نیلے ہوڈی میں نظر آئیں اور ان کے بیگ پر بھی ایک گلابی لیبوبو کی چین نمایاں تھی، اسی طرح، البانین گلوکارہ دعا لیپا کو ایئرپورٹ پر اپنے بیگ کے ساتھ کئی لیبوبو فگرینز کی نمائش کرتے دیکھا گیا۔

امریکی سوشلائٹ کم کارڈیشین بھی لیبوبو کی دیوانی نکلی ہیں، انسٹاگرام پر انہوں نے اپنی لیبوبو کلیکشن کی جھلک شیئر کی جو مداحوں میں وائرل ہو گئی۔

ان کے ساتھ کئی بھارتی اور پاکستانی سیلیبریٹیز بھی لیبوبو ڈولز حاصل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر اس کی نمائش کرچکے ہیں۔

تازہ ترین