انفوٹینمنٹ

سونالی باندرے نے کس شرط پر مائیکل جیکسن کا استقبال کیا؟

مائیکل جیکسن 1996 میں ورلڈ ٹور کے سلسلے میں ممبئی آئے تھے

Web Desk

سونالی باندرے نے کس شرط پر مائیکل جیکسن کا استقبال کیا؟

مائیکل جیکسن 1996 میں ورلڈ ٹور کے سلسلے میں ممبئی آئے تھے

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

معروف اداکارہ سونالی باندرے نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مائیکل جیکسن کا استقبال اس شرط پر کیا تھا کہ ان کے تمام دوستوں کو ان کے شوز کی ٹکٹس ملیں۔

دنیائے موسیقی کے جادوگر مائیکل جیکسن 1996 میں بھارت آئے تھے تو سونالی باندرے نے ان کا استقبال کیا تھا۔

مائیکل جیکسن ان دنوں ورلڈ میوزیک ٹور پر تھے، ٹور کے دوران وہ ممبئی آئے تھے۔

سونالی بیندرے نے اس موقع پر روایتی نو گز کی ساڑھی زیب تن کی اور ممبئی ایئرپورٹ پر مائیکل جیکسن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

انہوں نے ہندوانہ رسم کے تحت مائیکل جیکسن کی پیشانی پر تلک لگایا اور آرتی اتاری۔

اب، تقریباً 29 سال بعد سونالی بیندرے نے اس یادگار لمحے کے پیچھے کے چند واقعات پر روشنی ڈالی ہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں یہ دعوت سیاستدان راج ٹھاکرے کی اہلیہ شرمیلا ٹھاکرے نے دی تھی۔

سونالی نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی اہلیہ شرمیلا نے مجھ سے کہا کہ تمہیں مائیکل جیکسن کا استقبال کرنا ہے ۔

تاہم سونالی بیندرے، جو اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں، فوراً راضی نہ ہوئیں۔

انہوں نے یہ کام کرنے پر ایک شرط رکھی اور شرط صرف اتنی تھی کہ انہیں اور ان کے دوستوں کو مائیکل جیکسن کے شوز کے ٹکٹس ملنے چاہئیں۔

سونالی باندرے نے بتایا کہ پھر جب مائیکل جیکسن کا کنسرٹ شروع ہوا تو میری بہن، بہن کی سہیلیاں اور ہم سب بہت اچھی نشستوں پر بیٹھے تھے، اس بات پر میں سب سے زیادہ خوش تھی۔

ورلڈ میوزیک ٹور کے تحت مائیکل جیکسن نے دنیا کے کئی ممالک کا دورہ کیا اور لاکھوں مداحوں کے سامنے پرفارم کیا۔

ان کا ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ اس ٹور کا ایک اہم اور یادگار لمحہ ثابت ہوا جو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

اسی انٹرویو میں سونالی بیندرے نے اس وقت پھیلائی جانے والی ان افواہوں پر بھی بات کی جو ان کے اور راج ٹھاکرے کے بارے میں گردش کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی، میرے خیال میں یہ بہت غیر اخلاقی بات ہے جب لوگ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں،سب سے پہلے، اس میں خاندان اور دوسرے لوگ شامل ہوتے ہیں، اور ان سب کے جذبات ہوتے ہیں۔

تازہ ترین