ثنا میر ICC ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر
ثنا میر مجموعی طور پر اس فہرست میں شامل ہونے والی آٹھویں پاکستانی کرکٹر ہیں

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2025 کے ہال آف فیم میں 7 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں پاکستانی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر بھی شامل ہیں۔
ہال آف فیم میں شامل ہونے والے نئےکھلاڑیوں کا اعلان ویسٹ انڈین لیجنڈ ای این بشپ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل لندن میں ہونے والی تقریب میں کیا۔
اس موقع پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو بھی دیگر 6 کرکٹرزکے ساتھ ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، بھارت کے ایم ایس دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور انگینڈ کی ویمن کرکٹر سارہ ٹیلر شامل ہیں۔
ثنا میر اس فہرست میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون اور ملک کی مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹر ہیں۔
ان سے قبل پاکستان کے عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، وقار یونس اور حنیف محمد ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔
خواتین کرکٹرز سب کیلئے مثال ہیں، ثنا میر
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے لندن کے ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں ایک شاندار تقریب میں ہال آف فیم کے نئے اراکین کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ثنا میر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سڑکوں پر کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچنا ایک طویل سفر ہے، ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کے لیے ایک جذباتی موقع ہے۔
ثنا میر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان میں ویمن پلیئرز کی تعداد مکمل نہیں تھی، ہمارے پاس ویمن کرکٹرز رول ماڈل ہی نہیں تھیں، آج اتنی بڑی تعداد میں خواتین کرکٹرز ہیں جو سب کے لیے مثال ہیں۔
ثنا میر کی کارکردگی پر ایک نظر
ثنا میر نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کرئیر کا آغاز دسمبر 2005 کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔
انہوں نے 2018 میں خواتین کی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور اس ٹیم کی قیادت کی جس نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ثنا میر نے 2005 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے 226 بین الاقوامی میچ کھیلے، وہ ان نو خواتین کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے ون ڈے میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کیں اور 1000 رنز بنائے۔
انہوں نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے۔
ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2 ورلڈ کپ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لیا۔
-
دلچسپ و خاص 54 منٹ پہلے
کرشمہ کپور کے سابق شوہر 53 سال کی عمر میں چل بسے
-
فلم / ٹی وی 1 گھنٹے پہلے
کاجول 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے سیکوئل پر بول پڑیں
-
وائرل اسٹوریز 1 گھنٹے پہلے
بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین
-
بالی ووڈ 2 گھنٹے پہلے
عامر نے مہابھارت کے بعد ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیدی