'سردار جی 3' میں ہانیہ کی واپسی؟ دلجیت نے وضاحت دیدی
تازہ تصاویر نے ہانیہ عامر کے دوبارہ اس فلم کا حصہ بننے کی افواہوں کو جنم دے دیا تھا
بھارت کے مقبول ترین پنجابی سُپر اسٹار دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی آنے والی فلم 'سرادر جی 3' میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی واپسی کی افواہوں پر وضاحت دے دی۔
دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں 'سرادر جی 3' کے سیٹ سے شوٹنگ کے دوران کی تصاویر (BTS) سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہوں نے ہانیہ عامر کے دوبارہ اس فلم کا حصہ بننے کی افواہوں کو جنم دے دیا تھا۔
حال ہی میں 22 اپریل کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد جس میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی۔
واقعے کے بعد بھارتی میڈیا پر جاری رپورٹس کے مطابق بھارت کے دیگر فلمسازوں کی طرح دلجیت نے بھی پاکستانی اداکارہ ہانیہ کو اپنی فلم سے نکال دیا تھا۔
تاہم دلجیت دوسانجھ کی جانب سے حال ہی میں فلم 'سردار جی 3' کے سیٹ سے شیئر کی گئی تصاویر میں مداحوں نے ہانیہ کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا۔
دلجیت دوسانجھ نے براہ راست ہانیہ عامر کو اپنی بی ٹی ایس جھلکیوں میں شامل نہیں کیا تھا تاہم بعض مداحوں کو یہ گمان ہوا کہ ایک تصویر میں ہانیہ کا چہرہ دلجیت کی سیاہ ٹی شرٹ پر دکھائی دے رہا ہے جبکہ بعض مداحوں نے اسی تصویر میں نیرو باجوہ کے پیچھے کھڑی لڑکی کو ہانیہ قرار دے دیا جس کے صرف بال اور آنکھیں نظر آ رہی تھیں۔
گلوکار کی انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹ سیکشن کا رخ کرتے ہوئے کئی مداحوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پوسٹ کی ایک اور تصویر میں دلجیت ہانیہ کے ساتھ پوز دے رہے تھے جہاں ایک خاتون جو بظاہر ہانیہ لگ رہی ہیں سیاہ ساڑھی پہنے دلجیت کو قریب سے پکڑے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
تاہم بعدازاں دلجیت دوسانجھ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں خاموشی سے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اسی شرٹ کا مکمل ڈیزائن دکھا کر واضح کردیا کہ انکی شرٹ پر ہانیہ عامر کی تصویر چسپاں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاک-بھارت کشیدگی کے بعد سیاسی اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں بھارتی حکومت نے اپنے ملک میں کئی پاکستانی فنکاروں کی انسٹاگرام پروفائلز تک رسائی بھی محدود کر دی ہے، جن میں ہانیہ عامر کے علاوہ ماہرہ خان، فواد خان، عاطف اسلم، علی ظفر، صنم سعید، بلال عباس اور سجل علی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب فلم 'سرادر جی 3' رواں ماہ 27 جون کو سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے، اور مداح ٹیزر کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔


