سوشل میڈیا

امام الحق کی سرفراز کو لائیو شو میں پرینک کال

سرفراز الجھ پڑے

Web Desk

امام الحق کی سرفراز کو لائیو شو میں پرینک کال

سرفراز الجھ پڑے

امام الحق کی سرفراز کو  لائیو شو میں پرینک کال

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ایک مزاحیہ پرینک کال کی، جس کا دلچسپ انجام دیکھ کر ناظرین ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گئے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک نجی پروگرام میں بطور مہمان شریک امام الحق کو ایک سیگمنٹ میں اپنے ساتھی کھلاڑی کو کال کرنے کا چیلنج دیا گیا۔ امام نے سرفراز احمد کو فون کیا، اور جیسے ہی لائن ملی، سرفراز نے رسمی انداز میں خیریت دریافت کی۔

اسی لمحے امام نے سنجیدہ لہجے میں کہا کہ،‘سیفی بھائی، بڑا افسوس ہوا۔‘

یہ سن کر سرفراز چونک گئے اور فوری طور پر پوچھا،‘کس بات کا افسوس؟‘

امام نے مزید سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ،‘سمجھ نہیں آ رہا آپ کو کیسے بتاؤں، میرے منہ سے الفاظ نہیں نکل رہے۔‘

اس پر سرفراز قدرے الجھ گئے اور ذرا بلند لہجے میں بولے،‘ایسا کیا ہوگیا ہے بھائی؟‘

اسی دوران امام، پروگرام کے میزبان اور اسٹوڈیو میں موجود تمام افراد بے ساختہ قہقہے لگانے لگے۔ صورتحال کو مزید دلچسپ بناتے ہوئے سرفراز احمد نے جواب دیا کہ،‘میرا تو غم مٹ گیا، تجھے کس چیز کا افسوس ہو رہا ہے؟‘

جس پر امام نے قہقہہ لگاتے ہوئے جواب دیا کہ،‘اسی لیے افسوس ہو رہا ہے کہ میرا غم نہیں مٹا۔‘

یہ مزاحیہ لمحہ نہ صرف شو کی جان بن گیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی مداحوں نے اسے خوب سراہا۔ امام الحق کی برجستگی اور سرفراز احمد کا ردعمل اس سیگمنٹ کو یادگار بنا گئے۔